وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے جدید ڈیجیٹل “پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارکس سسٹم” کا افتتاح کر دیا
پشاور ( نمائندہ چترا ل ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے جدید ڈیجیٹل “پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارکس سسٹم” کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ نے جدید پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک سسٹم کا باضابطہ اجراءکیا۔ نئے نظام کے نفاذ سے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر گاڑی کے بجائے شہری کی ملکیت شمار ہوگا۔
تقریب میں نئے رجسٹریشن سسٹم کے اہم فیچرز پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس اہم پیش رفت کے بعد گاڑی فروخت ہونے کی صورت میں نمبر پلیٹ نئے خریدار کو منتقل نہیں ہوگی بلکہ سابقہ مالک کے پاس ہی برقرار رہے گی، جبکہ خریدار اپنی گاڑی کے لیے نیا نمبر حاصل کرے گا۔ شہری اپنا منتخب کردہ نمبر تین سال تک بغیر کسی گاڑی کے محفوظ بھی رکھ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کا یہ جدید قدم گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف، تیز اور کرپشن فری بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے نظام کے باعث جعلی اور کلون شدہ نمبر پلیٹس کے رجحان کا مکمل خاتمہ ہوگا جبکہ گاڑیوں کے غیر قانونی استعمال میں نمایاں کمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی کہ وہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے جامع آن لائن سسٹم بھی جلد متعارف کرائے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ ایکسائز کے لیے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں پولیس کے شہید پیکج کی طرز پر خصوصی شہید پیکج کے اجراءکا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے منشیات کے خلاف محکمہ ایکسائز کی موثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کو منشیات سے پاک کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث بڑے عناصر کے خلاف بھرپور اور جارحانہ کریک ڈاون کیا جائے، کیونکہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ منشیات کا استعمال ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے ، اس لئے صوبے سے منشیات کے استعمال کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے منشیات کے کاروبار میں ملوث بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منشیات میں ملوث قوم دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور نتیجہ خیز کاروائی کی جائے۔ حکومت اس مقصد کیلئے بھر پور تعاون فراہم کرے گی ۔
