وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کابینہ اجلاس سے خطاب، عوامی ریلیف، شفاف بھرتیوں اور ترقیاتی منصوبوں پر زور
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سال 2025 کے آخری صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوام دوست بجٹ کی تیاری پر پوری حکومتی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت اور فلاح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں عوامی ضروریات اور احساسات کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ تین ماہ عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنے کے مہینے ہیں، اس لیے تمام محکمے عوامی خدمت پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا اطمینان ہی حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ ہے اور صرف پریزنٹیشنز یا رپورٹس سے کام نہیں چلے گا بلکہ زمینی سطح پر نتائج نظر آنے چاہییں۔
محمد سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں متعلقہ پارلیمنٹیرینز کی شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔
وزیراعلیٰ نے حالیہ 2400 ڈاکٹرز کی بھرتیوں سے متعلق شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کا خود جائزہ لیا ہے اور امیدواروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنی شکایات وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ ہر شکایت سنے، جائز شکایات کا ازالہ کرے اور ہر امیدوار کو مطمئن کرے۔
انہوں نے بتایا کہ متعدد شکایات امیدواروں کے نام، موبائل نمبرز اور پی ایم ڈی سی رجسٹریشن نمبر کی درستگی سے متعلق تھیں، جبکہ میرٹ کے حوالے سے تقریباً 21 شکایات موصول ہوئیں۔ ان شکایات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بھرتیوں کا عمل مقررہ معیار کے مطابق درست پایا گیا۔ ان کے مطابق بعض امیدوار مقررہ طریقہ کار اور اہلیت کے معیار سے مکمل طور پر آگاہ نہیں تھے، جس کے باعث غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر کسی امیدوار کی شکایت ابھی تک زیر غور نہیں آسکی تو وہ ثبوت کے ساتھ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے رجوع کرے، ہر شکایت کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے گا۔ اگر کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی ثابت ہوئی تو اسے ضرور انصاف فراہم کیا جائے گا، حتیٰ کہ 2400 ڈاکٹرز کی بھرتیاں مکمل ہونے کے بعد بھی جائز شکایت ثابت ہونے والے اہل امیدوار کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈاکٹرز کی کمی ہے، اس لیے کسی بھی اہل امیدوار کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، جبکہ بھرتی شدہ ڈاکٹرز کو جلد از جلد تعینات کیا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق شفافیت، میرٹ اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس صوبائی حکومت کی بنیادی پالیسی ہے، اور اس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔