خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیرانتظام مرکزی داخلہ ٹیسٹ (CAT) کا چترال میں کامیاب انعقاد، مجموعی طور پر 680 طلباء و طالبات کی شرکت
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) کی جانب سے مرکزی داخلہ ٹیسٹ (CAT) 2025 کا انعقاد چترال نرسنگ کالج، بالچ بالا چترال میں کامیابی کے ساتھ کیا گیا۔ اس ٹیسٹ سینٹر پر مجموعی طور پر 680 طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
امتحان کے تمام مراحل پُرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوئے۔ طلباء کے لیے مناسب نشستوں، نگرانی کے موثر انتظامات اور شفاف طریقۂ کار کو یقینی بنایا گیا، تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔
یونیورسٹی حکام، امتحانی عملے، اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے امتحان کو کامیاب بنانے کے لیے مربوط کوششیں کی گئیں، جنہیں طلباء اور والدین کی جانب سے سراہا گیا۔ امتحان کی شفافیت اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی ہر سال CAT کے ذریعے صوبے بھر کے مختلف مراکز میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کرتی ہے، اور چترال کا مرکز بھی اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔


