خیبرپختونخوا تعلیم پر فی کس کے حساب سے پنجاب سے زیادہ خرچ کرتا ہے: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) پنجاب کا تعلیمی بجٹ اُس کے کل بجٹ کا 17.7 فیصد ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کا تعلیمی بجٹ اُس کے کل بجٹ کا 21 فیصد ہے۔ اسی طرح، پنجاب کی آبادی خیبرپختونخوا سے تین گنا زیادہ ہے، مگر ان کا تعلیمی بجٹ صرف دو گنا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ خیبرپختونخوا فی کس بنیاد پر پنجاب سے زیادہ تعلیم پر خرچ کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کیا۔مزمل اسلم نے ایک ڈیٹا چارٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں تعلیم کے لیے 418 ارب روپے مختص کیے ہیں، جو پچھلے مالی سال 2024-25 کے 350 ارب روپے کے بجٹ سے 19 فیصد زیادہ ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے تعلیم کے لیے 812 ارب روپے مختص کیے ہیں، تاہم جب آبادی کے تناسب سے موازنہ کیا جائے تو پنجاب کا فی کس بجٹ خیبرپختونخوا سے کم ہے۔
مزمل اسلم نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے تعلیمی بجٹ کا 94 فیصد جاری (ریکرنٹ) اخراجات اور 6 فیصد ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے 82 فیصد جاری اور 18 فیصد ترقیاتی اخراجات کے لیے رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا جاری تعلیمی بجٹ 88 فیصد ابتدائی و ثانوی تعلیم، 11 فیصد اعلیٰ تعلیم اور 1 فیصد فنی تعلیم کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس، پنجاب کا جاری تعلیمی بجٹ 86 فیصد اسکول ایجوکیشن، 13 فیصد ہائیر ایجوکیشن اور 1 فیصد خصوصی تعلیم و دیگر کے لیے مختص ہے۔مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ترقیاتی تعلیمی فنڈز میں 75 فیصد ابتدائی و ثانوی تعلیم اور 25 فیصد اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
پنجاب میں یہ تناسب 67 فیصد اسکول ایجوکیشن، 27 فیصد ہائیر ایجوکیشن، 3 فیصد خصوصی تعلیم اور 3 فیصد لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن (LNFBEs) کے لیے ہے۔مزمل اسلم کے مطابق، خیبرپختونخوا کے تعلیمی بجٹ میں 5 ارب روپے تعلیم ایمرجنسی کے لیے رکھے گئے ہیں، جس کا مقصد آؤٹ آف اسکول بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنا ہے۔ 5.9 ارب روپے 32,500 اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اور 8.5 ارب روپے 5.9 ملین بچوں کو مفت درسی کتب کی فراہمی کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے 40 ارب روپے کلاس رومز کی تعمیر کے لیے،35 ارب روپے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے اور 15 ارب روپے ہونہار طلبہ کے اسکالرشپس کے لیے مختص کیے ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ چونکہ پنجاب کی آبادی خیبرپختونخوا سے تین گنا اور اُس کا کل بجٹ دو گنا ہے، اس کے باوجود خیبرپختونخوا کا تعلیمی بجٹ ہر پہلو سے زیادہ متوازن اور فوکسڈ ہے۔