اپر چترال؛ بونی میں خیبر گولڈ کپ پولو ٹورنامنٹ اختتام پذیر، کوشٹ ’اے‘ نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کی خوبصورت وادی بونی میں جاری خیبر گولڈ کپ پولو ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل مقابلے میں کوشٹ ’اے‘ نے ریشن ’اے‘ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال معظم خان بنگش تھے۔ تقریب میں لیفٹیننٹ کرنل سلطان الدین، میجر اسد، چترال اسکاؤٹس، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اپر چترال شہناز بی بی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لوئر چترال قاضی محمد خالد، پولو ایسوسی ایشن کے صدر شمیم احمد، انتظامی افسران، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، سماجی و سیاسی شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی معظم خان بنگش نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور فاتح ٹیم میں ٹرافیاں، شیلڈز اور دیگر انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کوشٹ کے نوجوان کھلاڑی عماد الدین کو ’مین آف دی ٹورنامنٹ‘ قرار دیا گیا، جبکہ ریشن کے کھلاڑی بابر خوش آمد کے گھوڑے کو بہترین کارکردگی پر ’بیسٹ ہارس ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اپر چترال شہناز بی بی نے اپنے ابتدائی خطاب میں ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں پولو کے کھیل کو زندہ رکھنے اور اس کی سرپرستی کے لیے ڈائریکٹر بورڈ اور کور کمانڈر پشاور کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
پولو ایسوسی ایشن کے صدر شمیم احمد نے شائقین اور تقریب میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین انتظامات پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اپر چترال کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پولو گراؤنڈز کی تعمیر و مرمت اور اس روایتی کھیل کی سرپرستی پر کور کمانڈر پشاور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل معظم خان بنگش نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر محکمہ اسپورٹس کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اپر چترال انتظامیہ کی جانب سے پولو کے تحفظ، گراؤنڈز کی تعمیر و دیکھ بھال اور اس روایتی کھیل کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچوں اور اختتامی تقریب کے دوران معروف پولو کمنٹیٹر ذوالفقار علی یفتالی نے دل چسپ اور سحر انگیز کمنٹری کے فرائض انجام دیے، جس سے شائقین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔
