چترال کے دورآفتادہ علاقہ بروغل میں کھلی کچہری کا انعقاد، لوگوں نے مسائل کے انبارلگادیئے
مستوج ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی کی زیر صدارت اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ بروغل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں اس پاس کے علاقوں سے لوگوں نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں عوام نے مسائل کے انبار لگادئیے ،عمائدین نے کہاکہ علاقہ تمام بنیادی حقوق سے محروم ہے، دوسری طرف چھ مہینے سے زیادہ برف میں ڈھکی رہنے کے باعث مکینوں کے مشکلات میں مذید اضافہ ہوتا ہے، علاقےکے مسائل چیدہ مسائل میں سول ڈسپنسری گرم چشمہ بروغل میں ڈسپنسر کی تعیناتی ، اپر چترال تا بروغل کے لئے کرایہ نامہ مقررکرنا اور عملدرآمد کرانا، مختلف موبائل نیٹ ورکس کے سروسز کی دستیابی کے لئے اقدامات، بروغل میں بجلی گھر تعمیر کرنا، وٹرنری ہسپتال بروغل میں سٹاف کی تعیناتی ، سرکاری گودام میں اناج کی فراہمی ، موسم خزاں کے دوران روڈ صاف کرنے کے لئے مشنریوں کی دستیابی ، لشکر گاز میں پرائمری سکول کا قیام، چینتر گلیشیر کو نیشنل پارک کا درجہ دینا ودیگر شامل تھے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے شرکاء کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان کے تمام مذکورہ مسائل حکام بالا تک پہنچا دیا جائے گا۔

