تمام کوششیں بیکار، ڈرائیور یونین کھوت نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی مرمت کا آغازکردیا
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)کھوت روڈ کی مخدوش حالت کے باعث ڈرائیور یونین کھوت کے ممبران نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ یونین کے مطابق روڈ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ موسم سرما اور ممکنہ برف باری سے پہلے انہوں نے خود ہی راستہ قابلِ استعمال بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سفری مشکلات میں کمی آسکے۔
ڈرائیور یونین کے صدر نے کہا کہ سڑک اس وقت اس قابل نہیں کہ گاڑیاں باحفاظت گزر سکیں، اور برف باری کی صورت میں صورتحال مزید خطرناک ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کے مطابق عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بارہا توجہ دلانے کے باوجود کوئی عملی پیش رفت نظر نہیں آئی، جس کے بعد یونین کے ممبران نے خود کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس روڈ کی تعمیر و مرمت کا ٹھیکہ دیا گیا ہے اور فنڈز بھی سرکاری اکاؤنٹ میں موجود ہیں۔ تاہم تعمیراتی کام کا آغاز نہ ہونے پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ٹھیکدار کو پابند بنایا جائے اور فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہزاروں افراد کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ اس سڑک کے لیے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے مولانا عبدالأکبر چترالی کی جانب سے، اور ڈیڑھ کروڑ روپے مولانا ہدایت الرحمن کی جانب سے منظور کیے گئے تھے، تاہم تعمیراتی کام مطلوبہ رفتار سے شروع نہ ہونے پر علاقے کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور ٹھیکدار اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ برف باری سے قبل کھوت روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

