چترال کے اہم سڑک منصوبوں پر 3 ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم اجلاس طلب
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے اہم سڑک منصوبوں چترال-آیون-بمبوریت (CAB) اور چترال-بونی-مستوج-شندور (CBMS) پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا نے 3 ستمبر 2026 کو وزیراعظم آفس اسلام آباد میں اہم کوآرڈینیشن و ریویو اجلاس طلب کر لیا ہے۔

یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) لوئر چترال کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر عبدالولی خان نے بتائی۔ ان کے مطابق وزیراعظم انسپیکشن کمیشن کی جانب سے 18 اگست کو جاری مراسلے کے تحت چترال-آیون-بمبوریت روڈ منصوبے کا اجلاس صبح 11 بجے جبکہ چترال-بونی-مستوج-شندور روڈ منصوبے کا اجلاس 12:30 بجے ہوگا۔
اجلاس میں 30 جولائی کے اجلاس میں مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق دونوں منصوبوں کی فزیکل پیش رفت، اراضی کے حصول اور معاوضے کے مسائل، این ایچ اے اور کنٹریکٹرز کے درمیان معاملات سمیت منصوبوں کی تکمیل میں حائل دیگر رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
عبدالولی خان نے کہا کہ چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا چترال کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کی مسلسل کوششوں سے طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ان منصوبوں کو دوبارہ فعال کرنے اور عملی پیش رفت کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرم چشمہ روڈ اجلاس کے باقاعدہ ایجنڈے میں شامل نہیں ہے، تاہم اجلاس کے دوران سڑک کی مینٹیننس کے لیے مختص فنڈز، مرمت اور دیگر متعلقہ امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
عبدالولی خان کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت چترال کے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جبکہ دور دراز علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ 3 ستمبر کا اجلاس دونوں اہم منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے، تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق منصوبوں کی تکمیل کی جانب عملی پیش رفت میں اہم کردار ادا کرے گا۔
۔
.
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیرِ صدارت این ایچ اے کے زیرِ نگرانی جاری روڈ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں جاری منصوبوں کی مجموعی پیش رفت، موجودہ صورتحال، کام میں حائل رکاوٹوں اور مالی و تکنیکی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چترال–شندور روڈ پر کاری کے مقام تک تعمیراتی کام تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے، جبکہ ایون–کیلاش ویلیز روڈ پر بھی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور باہمی رابطہ مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، تاکہ تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے شاہراہی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا، تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔
