کالاش ویلی میں موسلادھار بارش، ندی نالوں میں سیلابی صورتحال، تین گھروں کو نقصان پہنچا، کھڑی فصلیں اور باغات زیر آب اگئے،کے۔وی۔ڈی۔اے نے بروقت ریسکیو اور بحالی کا کام شروع کردیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ہفتہ کے روز اچانک موسلادھار بارش کے نتیجے میں وادیٔ کالاش کے رومبور گاوں میں چار مختلف مقامات کے ندی نالوں میں سیلاب آئے، سیلابی ریلوں کے باعث فصلیں اور باغات بری طرح متاثر ہوئے جبکہ تین گھروں کو بھی نقصان پہنچا جو پانی کے ریلے کی نذر ہوگئے۔تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں رابطہ سڑک بھی ملبے تلے دب کر ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔ تاہم کالاش ویلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بروقت ریسکیو اور بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔ ملبہ ہٹا کر روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولنے کا عمل جاری ہے اور جلد ہی یہ راستہ عام آمدورفت کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔
ڈی جی کالاش ویلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، منہاس الدین خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ادارے کے اہلکار نہ صرف بحالی کے کام میں مصروف ہیں بلکہ مسافروں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں بھی بھرپور مدد فراہم کر رہے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق، متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ان کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں اور انہیں سیلاب سے ہونے والے نقصان کے بعد سہولت فراہم کی جا سکے۔ ڈی جی کے۔وی ۔ڈی ۔اے کی اس بروقت اقدام کو علاقے کے عوام نے سراہا ہے۔
دریں اثنا وادی رمبور اور ملحقہ علاقوں میں حالیہ سیلاب کے دوران لوئر چترال پولیس کے اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں میں بروقت پہنچ کر متعدد افراد اور مال مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔




