پٹرولیم مصنوعات اور بجلی نرخوں میں اضافے پر جے یو آئی لوئر چترال کی شدید مذمت، حکومت سے فیصلے واپس لینے کا مطالبہ
.
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز )جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ضلع لوئر چترال نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے۔
جے یو آئی لوئر چترال کے سیکرٹری اطلاعات نصرت الٰہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پہلے ہی عام آدمی کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام پر ناقابلِ برداشت معاشی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
جمعیت علمائے اسلام نے حالیہ بجلی نرخوں میں اضافے کو بھی عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ بیان کے مطابق ایک جانب مالاکنڈ ڈویژن کے عوام ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، جبکہ دوسری جانب چترال جیسے بجلی پیدا کرنے والے علاقے میں غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ نے عوامی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایسے حالات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوامی ردعمل اور احتجاجی تحریکوں کو جنم دے سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔