جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کی مجلس شوری کا اجلاس، گوشت کی قیمت یکدم فی کلو دوسوروپے اضافے کی مذمت، نظرثانی کا مطالبہ
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز )جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کی مجلس شوری کا انتہائی اہم اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالشکور کی صدارت میں چترال کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا قاضی محمد الیاس نے اجلاس کے ایجنڈے پر مختصر گفتگو کی۔ اراکینِ شوری نے باری باری اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعتی و سیاسی امور پر کھل کر آراء و تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں متفقہ طور پر اہم فیصلے کیے گئے، جن میں خصوصی طور پر درج ذیل فیصلے شامل تھے:
متوقع ضمنی انتخابات کے لیے ابھی سے بھرپور تیاری کا آغاز۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر گران فروش مافیا کی پشت پناہی کی سخت مذمت۔گوشت کی قیمت میں یکدم بلاوجہ 200 روپے اضافے کو عوام پر سراسر ظلم قرار دیا گیا ۔لھذا ہم اس خود ساختہ اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔اور ضلعی انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ عوام کی آسانی کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کرے نہ کہ عوام دشمن پالیسیوں سے عوام کو پریشان کرے۔
ہنگامی حالات میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کی ہر جگہ بغیر رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے پر زور۔
شرکاء نے موجودہ سیاسی صورت حال اور آئندہ کے جامع لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کے بعد مشترکہ مؤقف اختیار کیا کہ جے یو آئی عوامی مسائل کی ترجمانی اور دینی اقدار و روایات کی پاسداری کے لیے ہر فورم پر فعال کردار ادا کرے گی۔
مجلس شوری نے فیصلہ کیا کہ جماعتی ڈھانچے کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے گا، کارکنان کو ہر سطح پر متحرک کیا جائے گا، اور عوامی رابطہ مہم کو نئے ولولے اور عزم کے ساتھ تیز کیا جائے گا۔
شوری کے اراکین کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فیصلوں پر فوری اور موثر عملدرآمد ضلعی قیادت کی اولین ترجیح ہوگی۔اجلاس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور جماعت کی کامیابی کی دعا کے ساتھ ہوا۔


