اپر اور لوئر چترال کے عدالتی ریکارڈ کی علیحدگی، ایک تاریخی پیش رفت، دستاویز پر باضابطہ دستخط کرلئے گئے
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پشاور ہائی کورٹ، پشاور کی ہدایات کی روشنی میں ضلع اپر چترال اور ضلع لوئر چترال کے عدالتی ریکارڈ کی علیحدگی سے متعلق دستاویز پر باضابطہ دستخط مکمل کر لیے گئے ہیں، جسے چترال کی عدالتی و انتظامی تاریخ میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس دیرینہ اصلاح کے تحت اب عدالتی ریکارڈ مقامی سطح پر دستیاب ہوگا۔ ماضی میں سائلین اور مقدمات کے فریقین کو صرف ریکارڈ کے حصول کے لیے اپر اور لوئر چترال کے درمیان طویل اور دشوار سفر کرنا پڑتا تھا، جس سے انہیں مالی، جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔ ریکارڈ کی علیحدگی کے بعد عوام کو فوری اور مؤثر سہولت میسر آئے گی۔
یہ اقدام پشاور ہائی کورٹ کے عوام دوست، دوراندیش اور اصلاحاتی وژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں انصاف تک رسائی کو آسان بنانا اور عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف عدالتی امور میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا۔

