جمعیت طلباء اسلام پاکستان کے یومِ تاسیس کے موقع پر چترال میں تربیتی کنونشن
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) جمعیت طلباء اسلام پاکستان کے یومِ تاسیس کے موقع پر جے ٹی آئی چترال لوئر کے زیرِ اہتمام ایک پُروقار تربیتی کنونشن ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوا۔
پروگرام میں مختلف کالجز، یونیورسٹی اور مدارس کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اور ہال علم و عمل کے جذبے سے معمور نظر آیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری زبیر احمد نے نہایت خوبصورتی کے ساتھ انجام دیے۔ تلاوتِ کلامِ پاک سے محفل کا آغاز ہوا، جس کے بعد روح پرور حمدیہ کلام نے فضا کو ایمان و محبت سے بھر دیا۔
پروگرام کے دوران ضلعی خطیب مولانا فضل مولا نے اپنے پُراثر خطاب میں طلباء کو علم، کردار اور خدمتِ دین کی راہ پر استقامت اختیار کرنے کی تلقین کی۔
اس کے بعد عبدالحسیب نے اپنی مزاحیہ نظم کے ذریعے محفل کو خوشگوار رنگ دیا، جبکہ جمعیت طلباء اسلام کے عزم و جدوجہد پر مبنی ایک پراثر نظم بھی پیش کی گئی۔
ثناءاللہ نے جمعیت طلباء اسلام کے مقاصد پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے طلباء کو تنظیمی کردار اور فکری تربیت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں صدر جمعیت طلباء اسلام چترال لوئر، برادر محمد عارف اللہ نے صدارتی کلمات میں تمام مہمانانِ گرامی اور شرکائے کنونشن کا شکریہ ادا کیا،
اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت کا یہ کارواں تعلیم، خدمت اور اتحاد کی راہ پر رواں دواں رہے گا۔
پروگرام کے آخر میں خصوصی خطاب امیر جمعیت علماء اسلام چترال لوئر، مولانا عبدالشکور نے پُرمغز خطاب کیا، جس کے بعد طلباء نے مختلف علمی و تنظیمی سوالات کیے، جس کا جواب دیا گیا۔


