پٹرولیم لیوی کے خلاف چترال میں جماعت اسلامی کی موٹر سائیکل ریلی، 22 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان
۔
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی چترال لوئر کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے کے سلسلے میں چترال بازار اور ملحقہ علاقوں میں موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی میں کمی اور عوام پر عائد اضافی مالی بوجھ سے نجات کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء نے جماعت اسلامی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ جماعت اسلامی کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنے جاری ہیں، جبکہ اس معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات بھی ہو چکے ہیں۔
جماعت اسلامی چترال لوئر کے مطابق موٹر سائیکل ریلی میں شہریوں کی شرکت اور احتجاج کے اظہار کا مقصد پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری مہم کو اجاگر کرنا اور حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرنا تھا۔
جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ 22 ستمبر کو پٹرولیم لیوی کے خلاف اسلام آباد مارچ کیا جائے گا، جس کے لیے چترال سے بھی کثیر تعداد میں کارکنان اور شہریوں پر مشتمل قافلہ روانہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
جماعت اسلامی کے مطابق پٹرولیم لیوی، آئی پی پیز سے متعلق معاملات اور مہنگائی کے خلاف جاری احتجاج کا مقصد عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ میں کمی اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خاتمے کے مطالبات کو حکومت کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔