جماعت اسلامی کا دروش میں مہنگائی اور غیر قانونی ٹیکسز کے خلاف احتجاجی جلسہ
.
دروش (نمائندہ چترال ٹائمز) جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کے زیر اہتمام آج بعد از نماز جمعہ دروش چوک میں مہنگائی اور غیر قانونی ٹیکسز کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جلسے میں جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر اور تحصیل دروش کی قیادت و عہدیداران کے علاوہ دروش کے مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
جلسے سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر وجیہ الدین ، تحصیل عہدیداران کے علاوہ جمعیت علماء اسلام ضلع چترال لوئر کے سینئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالمجید، دروش ایکشن فورم کے صدر عمران الملک، پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود بیگ، تجار یونین دروش کے صدر حاجی گل نواز خان، ظاہر خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے جماعت اسلامی کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے غیر قانونی ٹیکسز، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خاتمے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے میں مختلف ٹیکسز اور اضافی مالی بوجھ نے عام شہری کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی ٹیکسز کے خاتمے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
جلسہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا، جس کے دوران چترال-پشاور مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہی، جبکہ شرکاء نے مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
جلسے کے اختتام پر مولانا جمشید احمد نے دعا کرائی، جس کے بعد احتجاجی جلسہ اختتام پذیر ہوگیا۔
