پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 10 روز کے لیے معطل
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں 16 اگست سے روزانہ کی بنیاد پر جاری چار گھنٹے کا دھرنا آئندہ 10 روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
لوئر چترال کے ضلعی ہیڈکوارٹر اتالیق پل پر قائم دھرنا کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی لوئر چترال کے امیر وجیہہ الدین نے بتایا کہ امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے یہ فیصلہ وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے حساس معاملے پر مذاکرات کی پیشکش اور وفاقی حکومت کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کے آغاز کے پیش نظر کیا ہے۔
وجیہہ الدین نے کارکنوں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے عوامی مفاد میں شروع کی جانے والی کسی بھی احتجاجی تحریک سے پیچھے ہٹنے کے بجائے ہمیشہ عوامی حقوق کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات کے نام پر جماعت اسلامی کی قیادت کو دھوکہ دینے یا محض طفل تسلیوں سے بہلانے کی کوشش کی گئی تو یہ ایک بڑی غلطی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 روز بعد اگر جماعت اسلامی کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو کارکن دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے اور احتجاجی تحریک کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
وجیہہ الدین نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس اس کے کارکنوں جیسی مخلص افرادی قوت موجود نہیں، جو رضائے الٰہی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی قیادت کی کال پر ہر وقت میدان میں اترنے کے لیے تیار رہتی ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے دیگر ضلعی رہنما بھی موجود تھے، جن میں مولانا جمشید احمد، عبدالحق، مولانا خلیق احمد سمیت دیگر عہدیداران اور مقامی قائدین شامل تھے۔
دھرنا کیمپ کے شرکاء نے مرکزی قیادت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قیادت کے آئندہ حکم کے منتظر رہیں گے اور احتجاج کی دوبارہ کال ملنے پر بھرپور انداز میں میدان میں آنے کے لیے تیار ہیں۔