جماعت اسلامی چترال لوئیر کے زیر اہتمام علماء کنونشن کا انعقاد ، چترال کے جید علمائے کرام کی بڑی تعداد میں شرکت
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) جماعت اسلامی چترال لوئر کے ضلعی دفتر میں آج ایک عظیم الشان علماء کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں چترال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز اور جید علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس باوقار تقریب کی صدارت امیر ضلع چترال وجیہ الدین نے کی، جبکہ سابق امیر ضلع حضرت مولانا شیر عزیز مہمانِ خصوصی تھے۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قاضی سلامت اللہ، مولانا جمشید احمد، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور قاری وقار احمد حاجی مغفرت شاہ اور مولانا نبی احمد نے دعوتِ دین، اتحادِ امت، علماء کا تحریکی کردار اور بین الاقوامی حالات جیسے اہم موضوعات پر پُراثر اور علمی گفتگو کی۔ مقررین نے زور دیا کہ علمائے کرام معاشرے میں اصلاح وحدت اور دینی شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں۔
امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “علماء ہمارے معاشرے کے روحانی و سماجی رہنما ہیں۔
ان کی مشاورت اور شمولیت کے بغیر کوئی دینی و اصلاحی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی۔ جماعت اسلامی چترال ‘اتحاد العلماء’ کے شعبے کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔”
کنونشن میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے امریکہ کی جانب سے ایران پر حالیہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ امت مسلمہ کو امریکہ و اسرائیل کے ناپاک عزائم کے خلاف ایک مؤثر اور متحد موقف اختیار کرنا ہوگا۔
علماء کنونشن کا اختتام پر دعائیہ کلمات کے ساتھ ختم ہوا اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دین کی دعوت، اتحاد امت اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔