اپرچترال ؛ ریشن میں اسماعیلی بوائے سکاؤٹس اور والنٹئیرز کی جانب سے صفائی مہم کا انعقاد
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغاخان کی سالگرہ کے موقع پرچترال میں مختلف فلاحی کام جاری ہیں، اسی سلسلے میں ریشن میں صفائی مہم کا بھرپور انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اسماعیلی بوائے سکاؤٹس، گرلز گائیڈز اور والنٹئیرز نے حصہ لیا۔
اس مہم کا آغاز اسماعیلی بوائے سکاؤٹس نے کیا جنہوں نے ریشن کے مرکزی بازار میں صفائی کا عمل شروع کیا۔ نوجوان سکاؤٹس نے سڑکوں، دکانوں اور عوامی مقامات کے اطراف سے کچرا اور گندگی صاف کی،اور ماحول کو خوبصورت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بازار کی صفائی کے بعد اسماعیلی بوائے سکاؤٹس نے اسماعیلی والنٹئیرز اور گرلز گائیڈز کے ہمراہ گاؤں کے اندرونی رہائشی علاقوں اور گلی محلوں میں صفائی کی ذمہ داری سنبھالی۔ رضاکاروں کی اس بڑی ٹیم نے مل کر گاؤں کے ہر کونے کو صاف ستھرا بنانے کے لیے لگن سے کام کیا، جس سے پورے علاقے میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئی۔
اس مہم کا مقصد نہ صرف گاؤں کو صاف ستھرا بنانا تھا بلکہ عوام میں صفائی اور ماحول دوستی کے شعور کو اجاگر کرنا بھی تھا۔اس اقدام کے ذریعے لوگوں کو عملی طور پر یہ پیغام دیا گیا کہ “صفائی نصف ایمان ہے”، اور یہ ہر شہری کا اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ اپنے گرد و پیش کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

