عالمی یومِ ماحولیات کی مناسبت سے چترال ٹاوں میں تقریب
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) نیشنل انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (ندا پاکستان) کے زیرِ اہتمام اور پی پی ایف کے مالی تعاون سے گورنمنٹ سینٹینل ہائی سکول چترال میں عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال شاہد حسین تھے، جبکہ پرنسپل عبدالباری، پراجیکٹ منیجر ندا پاکستان انوار بیگ، اے کے ایف کے عبدالولی، اے کے آر ایس پی کے اسداللہ، مولانا محمد قاسم اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ چترال موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، عوامی شعور اور تعلیمی اداروں کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی اور پرنسپل سکول نے ندا پاکستان اور پی پی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرام طلبہ میں شعور بیدار کرنے اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے مثبت سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران طلبہ نے عالمی یومِ ماحولیات کے موضوع پر اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کیں۔ آخر میں مہمانِ خصوصی اور دیگر شرکاء کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔


