The Voice of Chitral since 2004
Monday, 23 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

انصاف کرنا کیوں مشکل ہے؟ – تحریر: صوفی محمد اسلم

Chitral Times

انصاف کرنا کیوں مشکل ہے؟ – تحریر: صوفی محمد اسلم

انصاف کرنا کیوں مشکل ہے؟ – تحریر: صوفی محمد اسلم

انصاف کرنا کیوں مشکل ہے؟ – تحریر: صوفی محمد اسلم

جب کوئی ایک کاکروچ کو مارتا ہے تو ہم اسے شاباشی دیتے ہیں مگر جب کوئی ایک تتلی کو مارتا ہے تو اسے شیطانی سمجھتے ہیں۔ کیوں؟ ایک ہی عمل ہے یعنی جان لینا۔ تو اس ایک عمل کے بارے میں دو مختلف نقطۂ نظر کیوں ہیں؟ ہم ان دونوں کو الگ الگ نظر سے کیوں پرکھتے ہیں؟

کیونکہ کاکروچ بدصورت ہے اور تتلی خوبصورت۔ کہاوت ہے کہ خوبصورتی بے لوث سفارش ہے۔ جو دل کو بھائے، ہم اسے اپنے پاس رکھتے ہیں اور اس کی حفاظت کرتے ہیں اور جو ہمیں پسند نہ ہو تو اسے مار دیتے ہیں یا مٹا دیتے ہیں۔

یہاں ہمارا موضوع خوبصورتی پر بحث کرنا ہرگز نہیں ہے۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ایک ہی عمل سے دو جانیں چلی گئیں۔ انصاف کا تقاضا تو یہ تھا کہ ان دونوں کو ایک نظر سے دیکھتے مگر نہیں کیونکہ دونوں صورتوں میں ہم اپنی الگ الگ نظر سے پرکھتے ہیں۔ ہمارے یہی جذبات و احساسات ہمارے نقطۂ نظر کو الگ الگ سمتوں میں تقسیم کر دیتے ہیں۔

اصل بات تو یہ ہے کہ ہم انسانوں میں خود غرضی کا مادہ بہت زیادہ ہے۔ اس واقعے میں بھی یہی ہوا کہ ہم اپنی ہی نظر سے دیکھتے ہیں اور کاکروچ کو مارنے والے کو اچھے، جبکہ تتلی کو مارنے والے کو شیطان قرار دے دیتے ہیں۔ ہر حال میں کہیں نہ کہیں ہم میں خود غرضی کا عنصر ضرور ہوتا ہے۔ یہی خود غرضی ہر فیصلے میں کسی نہ کسی صورت میں موجود ہوتی ہے۔ ہر چیز کو ہم اپنے ہی انداز، احساسات و جذبات کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جو بھی ہمارے نقطۂ نظر کے مطابق موزوں ہو تو ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔

یہ ہمارے ساتھ اکثر ہوتا ہے۔ خالص میرٹ پر فیصلہ کرنے کی ہم میں اہلیت ہی نہیں ہے۔ ہر فیصلہ کہیں نہ کہیں احساسات، جذبات، رحم، تعلق، مجبوری اور مفادات کی نذر ہو جاتا ہے۔ سامنے آنے والے شخص کو ہم اس کی شخصیت، پوشاک، انداز گفتار اور اسٹیٹس کے پیمانے پر تولتے ہیں، پھر ذہن میں اس کے بارے میں رائے قائم کر لیتے ہیں، جو ہمارے فیصلوں اور رویوں کو متاثر کرتی ہے۔

اس لیے کہتے ہیں کہ دنیا کا سب سے مشکل کام انصاف کرنا ہے۔ مذکورہ بالا محرکات کو پیچھے چھوڑ کر خالص میرٹ پر کام کرنا یا فیصلہ کرنا آسان بات ہرگز نہیں ہے۔ اس کے لیے اپنے آپ سے لڑنا پڑے گا، اپنے تمام جذبات و احساسات کو پیچھے چھوڑنا پڑے گا اور جو ان محرکات کو نظر انداز کرکے فیصلہ کر لیتا ہے، وہی اصل منصف ہے۔

تو آج یہ عہد کر لیتے ہیں کہ جب بھی ہم فیصلہ کرنے والے ہوں گے تو یہ خیال رکھیں گے کہ کہیں ہم اپنے احساسات و جذبات یا اپنے مفادات کے زیر اثر تو نہیں سوچ رہے؟ کیا ہم انصاف کے تقاضے پورے کر رہے ہیں یا محض خود غرضی کی بنیاد پر فیصلہ کرنے والے ہیں؟۔شکریہ