وادیٔ کالاش میں منعقدہ دو روزہ انڈیجینس ونٹر سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کے زیرِ اہتمام شیخاندہ، وادیٔ کالاش میں منعقد ہونے والا دو روزہ انڈیجینس ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ فیسٹیول کا مقصد علاقائی ثقافت کو فروغ دینا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور وادیٔ کالاش کو سرمائی سیاحت کے ایک اہم مرکز کے طور پر اجاگر کرنا تھا۔
فیسٹیول کے دوران ہِیم غال، انتو دیک، روایتی کشتی اور بزکشی کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے جن سے مقامی افراد اور سیاحوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔ مختلف علاقوں سے آئے کھلاڑیوں نے روایتی کھیلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم تھے۔ انہوں نے دیگر افسران کے ہمراہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ سیاحوں اور مقامی عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے ثقافتی اور روایتی کھیل نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ سیاحت اور مقامی معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ علاقے کی ثقافت اور کھیلوں کو مزید تقویت مل سکے۔

