The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 17 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال کے دونوں اضلاع میں نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، محکمہ صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

Chitral Times

چترال کے دونوں اضلاع میں نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، محکمہ صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

چترال کے دونوں اضلاع میں نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، محکمہ صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

چترال کے دونوں اضلاع میں نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، محکمہ صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

۔

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں نزلہ، زکام اور انفلوئنزا (فلو) جیسی سانس کی بیماریوں کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لوئر چترال ڈاکٹر شمیم نے عوام، تعلیمی اداروں، مدارس، مارکیٹس اور دیگر عوامی مقامات کے لیے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور اپنے خاندان، دوستوں اور معاشرے کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ایڈوائزری کے مطابق رش والی جگہوں، ہسپتالوں، عوامی ٹرانسپورٹ، مساجد اور کم ہوادار بند کمروں میں اچھی طرح فٹ ہونے والے فیس ماسک کا استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ صابن اور صاف پانی سے بار بار ہاتھ دھونے، کھانسی یا چھینک کے وقت منہ اور ناک کو ٹشو یا کہنی سے ڈھانپنے اور استعمال شدہ ٹشو کو کوڑے دان میں پھینکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو کھلی جگہوں پر تھوکنے سے بھی گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ کھانسی، بخار اور نزلہ زکام میں مبتلا افراد سے مناسب فاصلہ رکھا جائے اور فلو کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں غیر ضروری اجتماعات میں شرکت سے گریز کیا جائے۔ گھروں، دفاتر اور کلاس رومز میں تازہ ہوا کی آمدورفت یقینی بنانے، بیمار ہونے کی صورت میں گھر پر رہنے اور دوسروں سے میل جول محدود رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ گندے ہاتھوں سے آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کیا جائے، جبکہ متاثرہ افراد کے ساتھ گلاس، برتن، تولیہ اور دیگر ذاتی استعمال کی اشیاء مشترکہ طور پر استعمال نہ کی جائیں۔ دروازوں کے ہینڈلز، میزوں، ڈیسک اور موبائل فون سمیت بار بار چھوئی جانے والی اشیاء کی باقاعدگی سے صفائی اور جراثیم کشی بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔ عوام کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک، صاف پانی کے زیادہ استعمال، مناسب نیند اور سرد موسم میں خود کو گرم رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے پانچ سال سے کم عمر بچوں، 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں، حاملہ خواتین اور دمہ، ذیابیطس، امراض قلب سمیت دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے اور رش والی جگہوں کے علاوہ بیمار افراد سے قریبی رابطے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بخار، کھانسی یا فلو کی علامات میں مبتلا بچوں کو اسکول اور مدارس نہ بھیجیں، جبکہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کی روزانہ کی بنیاد پر علامات کی جانچ کریں اور بیمار بچوں کو گھر واپس بھیجنے کا انتظام کریں۔

اسی طرح اسکولوں، مدارس، مارکیٹس اور عوامی ٹرانسپورٹ میں ہوا کی مناسب آمدورفت، ہاتھ دھونے کی سہولیات اور صفائی کا انتظام یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈرائیوروں، کنڈیکٹرز اور دکانداروں کو ماسک استعمال کرنے، جبکہ بند ہالوں میں صبح کی اسمبلی اور بڑے اجتماعات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں بزرگوں، بچوں، حاملہ خواتین اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کو موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کے لیے فلو ویکسین لگوانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ انفلوئنزا ایک وائرل بیماری ہے، اس لیے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹکس استعمال نہ کی جائیں۔

فلو جیسی بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر گھر میں رہنے، مناسب آرام کرنے، زیادہ پانی پینے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور فیس ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خاص طور پر بزرگوں سے میل جول محدود رکھنے اور بیمار افراد کے کمرے میں داخل ہوتے وقت ماسک پہننے پر زور دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق تیز بخار، سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، مسلسل قے، چکر آنے یا بیماری کی علامات میں شدت پیدا ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال یا بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) سے رجوع کیا جائے۔

دریں اثنا، اپر چترال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریوں کی علامات والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر بروقت طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں، کیونکہ بروقت احتیاط نہ صرف بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ اپنے اہل خانہ اور معاشرے کو بھی محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔