عنایت اللہ خان کا اپر چترال کا دورہ: حکومتی کارکردگی پر کڑی تنقید اورچترال میں روڈ انفراسٹرکچر کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار
اپرچترال (شہزاد احمد شہزاد) سابق صوبائی وزیر اور امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان نے اپر چترال کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے بونی میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور چترال میں روڈ فرسٹرکچر کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی فلاح و بہبود میں ہمیشہ سب سے زیادہ فعال رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس حکومت نہیں، مگر صوبے میں ہسپتال ہمارے ہیں، قدرتی آفات کے وقت سب سے پہلے ہم پہنچ جاتے ہیں، اور صوبے بھر میں سکولوں کا جال ہماری کوششوں کا نتیجہ ہے۔ کشمیر ہو یا فلسطین، ہم ہر مظلوم کے لیے آواز بلند کرتے ہیں۔ اگر ہمیں حکومت کا موقع ملے تو عوام خود دیکھ لیں گے کہ ہم ان کی خدمت کے لیے کیا کچھ کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی لوئر چترال مغفرت شاہ، امیر جماعت اسلامی اپر چترال اسد الرحمن، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جاوید اور دیگر جماعت اسلامی کے علاقائی رہنما بھی موجود تھے۔
عنایت اللہ خان نے بعد ازاں پریس کلب اپر چترال کا دورہ کیا اور پریس کلب کے قیام کو علاقے کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔