یومِ آزادی پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نمایاں سماجی خدمات پر مولانا عماد الدین کو ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) یومِ آزادی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سوشل ورک کے شعبے میں یہ اعزاز چترال کی معروف سماجی شخصیت اور حمیدہ ایجوکیشن اینڈ بورڈنگ اکیڈمی دنین کے سرپرست مولانا عماد الدین کے حصے میں آیا۔
مولانا عماد الدین طویل عرصے سے سماجی خدمات میں پیش پیش ہیں اور دو دہائیوں سے زائد مدت میں انہوں نے کئی اہم فلاحی منصوبے سرانجام دیے۔ ان کے نمایاں کارناموں میں 2016 میں یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے حمیدہ ایجوکیشن اینڈ بورڈنگ اکیڈمی کا قیام شامل ہے، جہاں کمسن بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین پرورش، رہائش، رہنمائی اور تربیت بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اس وقت پچاس سے زائد بچے اس اکیڈمی میں مقیم ہیں، جنہیں چترال کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ چند بچے ضلع سے باہر بھی زیر تعلیم ہیں۔
اکیڈمی دنین، مستوج روڈ پر قائم ہے اور اس کی دو منزلہ عمارت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ عماد الدین کے مطابق عمارت کی دوسری منزل مکمل ہونے پر مزید بچوں کو داخلہ دینے کی گنجائش پیدا ہو گی، اور اس وقت بھی درجنوں درخواستیں ان کے پاس موجود ہیں۔ اگر مخیر حضرات اور سرکاری و غیر سرکاری ادارے ان کے ساتھ مالی تعاون کریں توچترال کے دور دراز علاقوں سے آنے والے مزید یتیم اور بے سہارا بچوں کو سہارا مل سکے گا۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ عماد الدین جیسے افراد کی حوصلہ افزائی دراصل ایک فرد کی نہیں بلکہ ایک پورے ادارے اور درجنوں خاندانوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ عماد الدین چترال میں ایدھی کا کردار ادا کررہا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ دوسرے ادارے اور شخصیات بھی ایسے سماجی کارکنوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کریں تاکہ ان کا جذبہ مزید بلند ہو۔



