The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 22 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اختلاف اور دشمنی – تحریر صوفی محمد اسلم

Chitral Times

اختلاف اور دشمنی – تحریر صوفی محمد اسلم

اختلاف اور دشمنی – تحریر صوفی محمد اسلم

اختلاف اور دشمنی – تحریر صوفی محمد اسلم

.

اختلاف اور دشمنی دو الگ چیزیں ہیں، مگر ہم نے ان کو ایک کر دیا ہے۔

اختلاف کا مطلب یہ ہے کہ کسی معاملے میں آپ کی رائے میری رائے سے مختلف ہے۔ آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کی تجویز درست ہے، میں سمجھتا ہوں کہ میری تجویز درست ہے۔ یہ انسانی فطرت ہے اور ایک آزاد معاشرے کی پہچان ہے۔ اجتماعی کام میں اختلاف رائے کا ہونا ضروری ہے کیونکہ اسی سے نئی سوچ پیدا ہوتی ہے اور بہتر فیصلے جنم لیتے ہیں۔

مگر ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم اختلاف کو دشمنی سمجھ بیٹھتے ہیں۔ چھوٹی سی بات پر اختلاف ہوتا ہے، ہم اس کو اپنی ذات و خاندان پر لے لیتے ہیں۔ پھر دوریاں، قطع تعلق اور آخر کار جانی دشمنی تک بھی بات پہنچ جاتی ہے۔ وہ دشمنی جو ایک اختلاف رائے یا چند الفاظ سے شروع ہوئی تھی، پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہے۔

ایسا کیوں ہوتا ہے؟ پہلی وجہ لاعلمی ہے، ہم جانتے ہی نہیں کہ اختلاف اور دشمنی میں فرق کیا ہے اور اختلاف کو کیسے سلجھانا ہے۔ دوسری وجہ ظرف کی کمی ہے، ہم اپنی غلطی تسلیم کرنے، معافی مانگنے یا معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ تیسری وجہ عدم برداشت ہے، ہم دوسرے کی رائے سننے کا حوصلہ نہیں رکھتے اور چوتھی اور سب سے بڑی وجہ انا ہے، ہر بات کو انا کا مسئلہ بنا لینا ہمارے معاشرے کا نمایاں پہلو بن گیا ہے۔

اختلاف میں ہمیں کہنا چاہیے، “تمہاری رائے غلط ہے” مگر ہم کہتے ہیں، “تم ہی غلط ہو۔” یہ ایک لفظ کا غلط استعمال اختلاف کو دشمنی میں بدلنے کیلئے کافی ہے۔

حل یہی ہے کہ ہم اختلاف کو دشمنی سے الگ کرنا سیکھیں۔ برداشت پیدا کریں، مکالمہ کریں، اپنی غلطی تسلیم کرنے کا حوصلہ پیدا کریں اور دوسرے کو معاف کرنے کا ظرف پیدا کریں۔

جس معاشرے میں اختلاف کو برداشت کیا جاتا ہے، وہاں ترقی ہوتی ہے اور جہاں اختلاف کو دشمنی بنا دیا جاتا ہے، وہاں صرف قبریں بنتی ہیں اور کھنڈرات بچتی ہیں۔ انسان کی عظمت اس میں نہیں کہ وہ ہر بحث جیت جائے، بلکہ اس میں ہے کہ وہ اختلاف کے باوجود تعلق کو بچا لے۔