مستوج؛ ہرچین میں منعقدہ آئس ہاکی چیمپین شپ اختتام پذیر، سیکریٹری و ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا کی بطور مہمان خصوصی شرکت
مستوج ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے لاسپور آمد پر مہمانِ خصوصی سمیت تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ونٹر اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
آئس ہاکی کے فائنل مقابلے میں کھلاڑیوں نے شاندار مہارت، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا، جس پر حاضرین کی جانب سے بھرپور داد دی گئی۔ میچ نے شائقینِ کھیل کو آخری لمحے تک محظوظ کیے رکھا۔
تقریب کے دوران عمائدینِ علاقہ کی جانب سے لاسپور میں اسپورٹس گراؤنڈ کی تعمیر کا مطالبہ بھی پیش کیا گیا، جس پر سیکریٹری برائے امورِ نوجوانان و کھیل خیبر پختونخوا نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال کو ہدایت کی کہ کھیل کے میدان کے لیے کسی مناسب سرکاری جگہ کی نشاندہی کر کے باقاعدہ پروپوزل جمع کروایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے بھی ایونٹ کے کامیاب اختتام پر متعلقہ حکام اور علاقے کے معززین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں کے باعث یہ ایونٹ خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔آخر میں کامیاب اور رنر اپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ایونٹ کا اختتام پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا۔



