لوئر چترال کے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں ڈی سی آفس میں پروقار تقریب کا انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے کی۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا خصوصی پیغام بھی شرکاء تک پہنچایا گیا۔ وزیراعلیٰ کے پیغام میں کہا گیا کہ تمام اساتذہ کو ایک مشکل مگر مکمل شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے، اس لیے ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ میرٹ کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے خلوص، دیانت اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ آنے والی نسلوں کی تعلیم و تربیت کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور محکمہ تعلیم کے مردانہ و زنانہ افسران کو ہدایت کی کہ نئے اساتذہ کے لیے تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو بھی ہدایت کی کہ نئے اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر مالی امور سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم باہمی تعاون سے تعلیمی معیار کی بہتری اور اساتذہ کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔



