اپر اورلویر چترال میں گرمی کی شدت اور گلیشیرز کے پگھلنے سے دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب، نشیبی علاقے زیرآب اگئے، آیون میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن کا ٹاوردریا برد،
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) گزشتہ کئی دنوں سے اپر اورلویر چترال میں گرمی کی شدت اور گلیشیر ز کے پگھلنے سے دریائے چترال میں اونچے درجے کے سیلاب میں مختلف علاقوں میں دو درجنوں سے بھی ذیادہ گھروں میں دریا کاپانی داخل ہوگیا ہے جبکہ اس تعداد میں برابر اضافہ جاری ہے۔ اپر چترال کے سکرموٹ sakarmot، شوڑ کوچ، وسم اور دوسرے دیہات میں 20سے ذیادہ گھر بھی زیر آب اگئے ہیں اور لویر چترال کے خوبصورت ترین گاؤں ایون میں 7 گھروں کی چھتوں کے اوپر سے دریائے چترال کا پانی گزر رہا ہے۔
ایون ہی کے مقام پر نیشنل گرڈ کا ٹاؤر پول بھی سیلاب کی زد میں آنے سے گولین گول سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔ ایون کے مقام پر گولین گول بجلی کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنےوالا مین ٹرانسمیشن لائن کے دو ٹاورز دریا کی کٹائی کے زد میں آگئے ہیں، جن میں سے ایک ٹاور گرگیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت بھی نازک ہے، جس کے باعث آیون کے رہائشی انتہائی پریشانی سے دوچار ہیں، علاقے کے عوام خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ مذکورہ ٹاورز کے مکمل گرنے سے بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائین جو گھروں کے اوپر سے گزارا گیا ہے کہیں اُن پر نہ گرے، انھوں نے متعلقہ حکام سے اس کا نوٹس لینے اور متبادل بندوبست کا مطالبہ کیا ہے۔
دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر چترال ہیڈکوارٹرمحمد افتاب منیر نے ایون کا دورہ کیا اسسٹنٹ کمشنر نے دریا کی کٹائی کا جائزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متاثرہ کھمبوں کا معائنہ بھی کیا ۔ اور متعلقہ ادارے کو کھمبوں کی ریلوکیشن و ٹرانسمیشن لائنز کی منتقلی و بحالی کے حوالے سے احکامات جاری کیۓ۔
لوگوں کو آگاہ کیا گیا کہ دریا کے کنارے غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوں۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اور متاثرین میں ریلیف ائٹمس بھی تقسیم کر دیۓ گۓ ہیں۔
مزید برآں آپ نے حلقہ پٹواری کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے نقصانات کا تخمینہ لگائے اور اس بابت رپورٹ جمع کرے۔