ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان پاکستان پہنچ گئے، صدر آصف علی زرداری نے استقبال کیا
۔
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس رحیم الحسینی آغاخان اپنے پہلے باضابطہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ امامت سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورۂ پاکستان ہے، جسے اسماعیلی کمیونٹی سمیت ملک بھر میں انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔
نور خان ایئربیس اسلام آباد پہنچنے پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام اور اسماعیلی کمیونٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
استقبالیہ تقریب میں چترال مستوج سے تعلق رکھنے والے نوجوان قانون دان خالد حسین تاج ایڈوکیٹ، لوئر چترال سے سابق صدر اسماعیلی کونسل ریاض حسین، ان کی اہلیہ اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران بچوں نے ہزہائی نس کو گلدستے پیش کیے، جبکہ بعد ازاں ایوانِ صدر میں معزز مہمان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔جہاں صدر پاکستان سے ملاقات کی۔
ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان اپنے دورۂ پاکستان کے دوران چترال اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اسماعیلی کمیونٹی کے اجتماعات سے خطاب اور مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہیں۔






