ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان کا چترال و گلگت بلتستان کا دورہ 21 سے 25 مئی تک جاری رہے گا، شیڈول جاری
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اسماعیلی کمیونٹی کی روحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس رحیم الحسینی آغاخان کا متوقع دورۂ چترال اور گلگت بلتستان 21 مئی سے 25 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان 21 مئی کو گلگت بلتستان کے علاقے تاؤس یاسین پہنچیں گے، جہاں دوپہر کے وقت مختلف تقریبات اور اجتماعات میں شرکت متوقع ہے۔
22 مئی کو وہ صبح کے وقت پاسو ہنزہ جبکہ دوپہر میں گاہکوچ اشکومن پنیال کا دورہ کریں گے۔
23 مئی کو ہزہائی نس صبح کے وقت اپر چترال کے علاقے پرواک مستوج پہنچیں گے، جہاں اسماعیلی کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے خطاب متوقع ہے، جبکہ دوپہر میں دوبارہ تاؤس یاسین جائیں گے۔
24 مئی کو ان کا صبح کے وقت گلگت شہر اور دوپہر میں گاہکوچ اشکومن پنیال کا دورہ شیڈول میں شامل ہے۔
دورے کے آخری روز 25 مئی کو ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان صبح کے وقت پرواک مستوج اپر چترال جبکہ دوپہر میں لوئر چترال کے علاقے گرم چشمہ کا دورہ کریں گے، جہاں مختلف مذہبی و سماجی اجتماعات منعقد ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران پاکستان کے اعلیٰ حکام سے بھی اہم ملاقاتیں شیڈول کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ چترال اور گلگت بلتستان میں ہزہائی نس کے دورے کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں استقبال اور انتظامات کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ چترال کے دو مختلف مقامات گرم چشمہ اور پرواک مستوج میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ جہاں دیدار گاہ کی تعمیر مکمل کرنےکے بعد تزوئین آرائش کا کام جاری ہے، جبکہ دوسری جانب اسماعیلی والنٹیئرز علاقے کے مختلف سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں ، جس کو علاقے کے مختلف مکاتب فکر نے سراہا ہے ۔
چترال کے اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ سنی اور کالاش کمیونٹی بھی ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان کی دورہ چترال کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں کہ انکی آمد سے چترال میں ترقی کی مذید راہیں کھلیں گی، امید کی جارہی ہے کہ ہزہائی نس اپنے دورے کے دوران چترال کے لئے مذید ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرینگے ۔
دریں اثنا ملک کے دوسرے حصوں میں مقیم اسماعیلی کمیونٹی اپنی روحانی پیشوا کی دیدار کیلئے چترال آمد کا سلسلہ جاری ہے ، جو پرواک اور گرم چشمہ کے اجتماعات میں شرکت کریں گے۔
یادرہے کہ ہزہائی نس پرنس رحیم آغاخان کا امامت سنبھالنے کے بعد یہ چترال اور گلگت بلتستان کا پہلا دورہ ہے۔

