پرنس رحیم آغاخان کی متوقع آمد، اپر و لوئر چترال میں تیاریوں کا سلسلہ جاری
۔
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا ہز ہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان کی متوقع چترال آمد کے سلسلے میں اپر اور لوئر چترال میں تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔
لوئر چترال کے علاقے گرم چشمہ میں دیدارگاہ کی تعمیر جاری ہے، جبکہ اپر چترال میں مستوج کے نواحی گاؤں پرواک لشٹ میں بھی دیدارگاہ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق دیدارگاہ کی تعمیر میں اپر چترال کے عوام باری باری حصہ لے رہے ہیں۔ مزید برآں دیدارگاہ کے ساتھ واقع پرواک لشٹ کا نام تبدیل کرکے “رحیم آباد” رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ہز ہائی نس کی متوقع آمد کے پیش نظر دیدارگاہ کے اطراف مختلف سڑکوں کی مرمت اور صفائی کے کام بھی جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان وقتاً فوقتاً دورے کر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی نے پرواک میں دیدارگاہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہز ہائی نس پرنس شاہ رحیم الحسینی آغاخان کی متوقع آمد کے پیش نظر “نذرانہ گارڈن” کے قیام کے لیے مناسب جگہ کی نشاندہی اور انتظامات کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس ضمن میں مختلف محکموں اور فلاحی اداروں کے تعاون سے میوہ دار اور غیر میوہ دار پودوں کی فراہمی کے انتظامات بھی زیر غور آئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر اور محکمہ فارسٹ کے نمائندے کے ہمراہ دیدارگاہ میں اسماعیلی کونسل کے صدر، سیکریٹری اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ نذرانہ گارڈن میں لگائے جانے والے پودے ہز ہائی نس کو پیش کیے جانے والے نذرانے کا حصہ ہوں گے اور یہ منصوبہ کمیونٹی کی شمولیت اور فلاح کے جذبے کے تحت مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر اسماعیلی کونسل کے صدر نے ضلعی انتظامیہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نذرانہ گارڈن کا قیام ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ مقامی لوگوں نے بھی اس منصوبے کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے محکمہ فارسٹ کو ہدایت کی کہ نذرانہ گارڈن کے لیے باقاعدہ لے آؤٹ تیار کیا جائے تاکہ شجرکاری مؤثر انداز میں کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے جلد ہی ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔
انہوں نے نذرانہ گارڈن کے قیام کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال قرار دیا۔ دریں اثنا مختلف سڑکوں کی صفائی کے ساتھ بونی مستوج روڈ کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے مستوج روڈ پر صفائی اور مرمتی کا بھی معائنہ کیا ۔


