ہزارہ، پکھلی اور سکھ مذہب کی تبلیغ ۔ تحریر و تحقیق: نجیم شاہ
۔
ہزارہ کی تاریخ کا ذکر ہو تو عموماً گفتگو رنجیت سنگھ ، مان سنگھ اور ہری سنگھ نلوہ کے عہد تک محدود رہتی ہے، مگر ایک قدیم روایت اس تاریخ کی جڑیں اس سے بہت پہلے تک لے جاتی ہے۔ اس روایت میں پکھلی اور کشمیر کے پہاڑی علاقے ایک ایسے مذہبی سلسلے سے وابستہ دکھائی دیتے ہیں جو سیاسی سکھ اقتدار سے پہلے کا بتایا گیا ہے۔ یوں ہزارہ کی تاریخ کا ایک کم معروف باب سامنے آتا ہے۔
روایت کے مطابق گرو گوبند سنگھ جی نے بھائی فیرُو سنگھ کو کشمیر کے علاقے میں سکھ مذہب کی تبلیغ کیلئے روانہ کیا۔ فیرُو سنگھ نے مختلف علاقوں میں سکھ مت کی تعلیم دی اور اُن کا ڈیرہ ضلع ہزارہ کی پکھلی میں بتایا گیا ہے۔ یہ حوالہ اِس لیے اہم ہے کہ پکھلی یہاں محض ایک جغرافیائی نام نہیں بلکہ ایک مذہبی مرکز کے طور پر سامنے آتی ہے، جہاں سے تبلیغی سرگرمیوں کا سلسلہ آگے بڑھا۔
فیرُو سنگھ کے بعد بھائی پنجاب سنگھ کا ذکر آتا ہے، جنہوں نے اس سلسلے کو جاری رکھا۔ روایت کے مطابق وہ گرو گوبند سنگھ جی سے وابستہ تھے اور فیرُو سنگھ نے اُنہیں اپنی گدی کا جانشین مقرر کیا۔ اس طرح پکھلی کا ڈیرہ کسی ایک مبلغ کی عارضی قیام گاہ نہیں رہتا بلکہ ایک تسلسل رکھنے والے مذہبی مرکز کی صورت اختیار کرتا ہے۔ اسی سلسلے میں بھائی روچا سنگھ نمایاں شخصیت بن کر سامنے آتے ہیں۔
بھائی روچا سنگھ کے بارے میں روایت کا اہم ترین حوالہ اُنکی جائے پیدائش سے متعلق ہے۔ انہیں ضلع ہزارہ کے ایک گاؤں کونس میں پیدا ہوا بتایا گیا ہے۔ اُن کے والد کا نام بھائی پنجابا درج ہے اور پیدائش کا سال سَمّت 1745، یعنی 1688ء بیان کیا گیا ہے۔ اس طرح کونس محض ایک مقامی نام نہیں رہتا بلکہ ایک مخصوص شخصیت، خاندان اور تاریخی زمانے سے منسلک مقام بن جاتا ہے۔
کونس کے حوالے سے ایک اہم سوال موجودہ کونش کے ساتھ اسکی نسبت کا ہے۔ دستیاب روایت میں مقام کا نام کونس درج ہے، اِس لیے اسے بلا مزید تحقیق موجودہ کونش قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ تاہم دونوں ناموں کی صوتی مماثلت اور ہزارہ کے اسی جغرافیائی دائرے سے تعلق ایک اہم تحقیقی امکان ضرور پیدا کرتا ہے۔ قدیم نقشوں، مقامی روایات اور مزید تاریخی حوالوں سے اس نسبت کی تحقیق ضروری ہے۔
روچا سنگھ نے بعد میں اس مذہبی سلسلے کو وسیع علاقے تک پہنچایا۔ روایت کے مطابق اُنہوں نے ہزارہ، اٹک، مظفرآباد، ایبٹ آباد اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سفر کیا، لوگوں کو امرت چھکایا اور سکھ جماعتیں تیار کیں۔ اس بیان سے پکھلی کے مرکز کو ایک وسیع تر مذہبی نیٹ ورک سے جوڑنے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔ یوں کونس میں پیدا ہونیوالی شخصیت بعد میں پہاڑی علاقوں میں سرگرم مبلغ کے طور پر سامنے آتی ہے۔
روچا سنگھ کی سرگرمیوں میں پونچھ کے کوٹیاں گاؤں کا ایک واقعہ بھی بیان کیا جاتا ہے۔ روایت کے مطابق وہاں تبلیغ کیلئے ایک گوردوارہ تعمیر کرایا گیا، جسے مقامی حکام اور لوگوں نے منہدم کر دیا۔ اس موقع پر روچا سنگھ کیساتھ موجود مسلح سکھوں نے مزاحمت کی تیاری کی اور اُن کی تعداد چار سو بیان کی گئی۔ واقعے کی جزئیات کی مزید تاریخی تصدیق بہرحال ضروری ہے۔
اس داستان میں پکھلی کی حیثیت خاص طور پر قابلِ غور ہے۔ ایک طرف یہ بھائی فیرُو سنگھ کے ڈیرے سے وابستہ ہے، دُوسری طرف اسی سلسلے میں بھائی پنجاب سنگھ اور پھر بھائی روچا سنگھ سامنے آتے ہیں۔ یوں پکھلی ایک ایسے مرکز کی صورت اختیار کرتی ہے جہاں سے مذہبی سرگرمیوں کا دائرہ ہزارہ سے کشمیر اور دوسرے پہاڑی علاقوں تک پھیلتا دکھائی دیتا ہے۔ اس پہلو کو مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ہزارہ کی اس بھولی ہوئی روایت کی اہمیت یہی ہے کہ یہ سکھ اقتدار کی سیاسی تاریخ سے الگ ایک مذہبی تاریخ محفوظ کرتی ہے۔ بھائی فیرُو سنگھ، پکھلی، بھائی پنجاب سنگھ،اور بھائی روچا سنگھ ایک ایسے سلسلے میں سامنے آتے ہیں جس کی جڑیں روایت کے مطابق اٹھارہویں صدی کے آغاز سے پہلے تک پہنچتی ہیں۔ کونس کو موجودہ کونش قرار دینا ابھی تحقیق طلب ہے، مگر اس قدیم نسبت نے تحقیق کا ایک نیا دروازہ ضرور کھول دیا ہے۔