گورنرہاوس پشاور میں منعقدہ پڑوسی ممالک اور وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی استعداد کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محبوب اعظم نے چترال کی نمائندگی کی
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا کی پڑوسی ممالک اور وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی استعداد کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محبوب اعظم نے چترال کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر حاجی محبوب اعظم نے کہا کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔ صوبہ کو وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
چترال چیمبر آف کامرس چترال جیسے خوبصورت اور پرامن علاقے میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کیلۓ پرعزم ہے اور اس حوالے سے شروع دن سے کوششیں کرتے آ رہے ہیں۔ دنیا تجارت کی طرف جا رہی ہے ہم نے بھی تجارتی راستوں کو ہموار کرنا ہے۔ شاہ سلیم درہ پاس کے ذریعے سنٹرل ایشیاء سے لنک اور تجارت کیلۓ چترال چیمبر آف کامرس شروع دن سے کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ بارڈر کھلنے اور تجارت سے نہ صرف چترال کی پسماندگی اور غربت میں کمی آ سکے گی بلکہ پورے پورے خیبر پختونخواہ میں خوشحالی آۓ گی روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور ملکی معیشت بھی بہتر ہو گی۔
کانفرنس میں وسط ایشیائی ممالک کے سفراء،سفارتی عملہ،ایران اور افغانستان کے قونصل جنرلز، خیبر چیمبر کے صدر، ڈائریکٹر TDAPپشاور، چیئرمین جیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ پشاور اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ایس ایم تنویر سمیت بزنس کمیونٹی نے شرکت و خطاب کیا۔کانفرنس میں مقررین نے خیبرپختونخوا کی تجارتی انتہائی استعداد اورصوبہ میں تجارتی راہداریوں کے فوری استعمال سے متعلق اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس میں ازبکستان، آذربائیجان، ترکمانستان اورقازقستان کے سفارتی عملہ، ایران اور افغانستان کے قونصل جنرلزسمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدیدکہااوراس اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور TDAP انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ آج کی کانفرنس صوبہ کی اقتصادی ترقی کیلئے تجارتی راہداریوں کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق ایک اہم سنگ میل ہے،خیبر چیمبر سمیت تمام بزنس کمیونٹی ملک کی اقتصادی و تجارتی ترقی کے سفیر ہیں، وسط ایشیاء ممالک تک کراس بارڈرز ٹریڈ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پاکستان کا بہترین مستقبل ہے،ہم سب کا مشترکہ مقصد ملکی اقتصادی ترقی یقینی بنانا ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبر پختونخوا صوبہ وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی لحاظ سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، صوبہ کی تمام سرحدوں سے تجارت بڑھانے اور تجارتی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
گورنر نے صوبے کی معدنیات، سنگ مرمر، شہد، قیمتی پتھروں، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو عالمی برآمدات کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری، معیار اور برانڈنگ پر توجہ دے کر صوبے کو تجارتی قوت بنایا جا سکتا ہے۔گورنر نے کہا کہ تجارتی مشنز کو بیرون ملک خیبر پختونخوا کی مصنوعات اور امکانات کو اجاگر کرنا ہوگا تاکہ سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر گورنرنے غیرملکی سفیروں، سفارتی عملہ سمیت بزنس کمیونٹی میں خیبرچیمبرکی جانب سے شیلڈز بھی پیش کیں۔


