The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 13 October 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

گورنرکی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، اسلحہ اور اضافی وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ 

Chitral Times

گورنرکی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، اسلحہ اور اضافی وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ 

گورنرکی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، اسلحہ اور اضافی وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ 

گورنرکی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، اسلحہ اور اضافی وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ

.

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فورم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن کے قیام کے لیے متعلقہ اداروں کو مربوط، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

فورم نے پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی عملی استعداد بڑھانے پر زور دیتے ہوئے ان اداروں کو جدید آلات، ضروری گاڑیوں، بکتر بند گاڑیوں، مؤثر اسلحے، مطلوبہ نفری اور دیگر ضروری وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور صوبے میں امن و امان کا قیام تمام ریاستی اداروں کا مشترکہ مقصد اور اولین ترجیح ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

فورم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل، معیارِ زندگی بہتر بنانے، سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ اور پسماندہ و متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیم، صحت اور شہری سہولیات سے متعلق عوامی مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے، کیونکہ ان کا براہِ راست تعلق عوامی تحفظ اور پائیدار امن سے ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں عوامی تجاویز، ضروریات اور مقامی ترجیحات کو پالیسی سازی اور اقدامات کا حصہ بنایا جائے گا۔

فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

.

گورنر فیصل کریم کنڈی سے مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ملاقات، صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے پر زور

.

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ثمر ہارون بلور کو مشیرِ اطلاعات کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مشیرِ اطلاعات صوبے کے مثبت تشخص اور سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

گورنر نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔