The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 17 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، نامزد اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں، محنت کشوں کی فلاح اور  پر غور

Chitral Times

گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، نامزد اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں، محنت کشوں کی فلاح اور  پر غور

گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، نامزد اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں، محنت کشوں کی فلاح اور  پر غور

گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، نامزد اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں، محنت کشوں کی فلاح اور  پر غور

۔

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے ترقیاتی منصوبوں، ورکرز ویلفیئر بورڈ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق الگ الگ اہم اجلاس منعقد ہوئے، جن میں صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات کی بہتری، محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا جائزہ

ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ یحییٰ اخونزادہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گورنر کو جاری ترقیاتی منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو سیکرٹریٹ کے تحت 100 اور 180 روزہ ترقیاتی اہداف اور ان کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گورنر کو نامزد اضلاع میں ایکسیلیریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام سمیت صحت، تعلیم، سماجی و معاشی ترقی، سکیورٹی، بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم شعبوں میں جاری منصوبوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نامزد اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ نامزد اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایجوکیشن سٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید تعلیمی سہولیات کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اسی طرح صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایس آئی یو ٹی ہسپتال کے قیام پر بھی کام جاری ہے، جبکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بٹراسی اسکاؤٹس کیڈٹ کالج کی ایک شاخ بھی قائم کی جائے گی۔

۔

ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہائشی منصوبوں اور تعلیمی اداروں پر غور

دوسرے اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت محنت کشوں کے لیے ریگی للمہ پشاور میں تعمیر کیے گئے رہائشی فلیٹس، ان کی یونٹ وار الاٹمنٹ کے طریقہ کار، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مشیر قانون و محنت عامر جاوید، سیکرٹری محکمہ محنت عبدالباسط اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر بورڈ کے زیرِ انتظام اسکولوں، دستیاب اراضی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر نے ہدایت کی کہ رہائشی فلیٹس صرف مستحق محنت کشوں کو الاٹ کیے جائیں اور غیر قانونی الاٹمنٹ یا فلیٹس کو کرائے پر دینے کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے محنت کشوں کے بچوں کے لیے قائم اسکولوں میں فرنیچر، آئی ٹی لیبارٹریز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا، تاکہ انہیں معیاری تعلیمی ماحول میسر آسکے۔

گورنر نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے رہائشی اسکولوں اور فلیٹس میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جبکہ بورڈ کے زیرِ انتظام اسکولوں کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا نظام متعارف کرانا ہے جس کے تحت سرکاری ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ اس سلسلے میں جلوزئی نوشہرہ سمیت دیگر اضلاع میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی دستیاب اراضی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بروئے کار لانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے، تاکہ ان اثاثوں سے ادارے کی آمدن میں اضافہ اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں گورنر کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کی رہائشی کالونیوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گورنر نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے 29 منصوبوں پر بریفنگ

تیسرے اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مجوزہ بل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مشیر برائے منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

گورنر کو مجوزہ بل، اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار اور اختیارات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں مجموعی طور پر 29 مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جن میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گانول مانسہرہ، بویون کالام اسکی ریزورٹ اور رشکئی اکنامک زون سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز اور عوامی سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ان منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

گورنر نے مزید کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو سازگار ماحول اور کاروبار دوست سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تینوں اجلاسوں میں گورنر نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جائے، تاکہ صوبے کے عوام کو تعلیم، صحت، رہائش، روزگار اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔