خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری معطل، خلاف ورزی پر مشینری ضبط ہوگی، غیر قانونی مائننگ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی (گولڈ مائننگ) کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے وسائل پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ غیر قانونی مائننگ جاری رکھنے والوں کی مشینری ضبط کی جائے گی، جبکہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اور اس کی پشت پناہی کرنے والے تمام عناصر کا بلاامتیاز احتساب ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر برائے معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اور انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کے ہمراہ کوہاٹ واقعے اور غیر قانونی مائننگ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد مختلف معاملات پر عملی اقدامات اور کارروائیاں جاری ہیں۔ ماضی میں صوبے کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے اور گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امن کا قیام اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کے وسائل کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2026 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ اس فورم میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی اور تمام صوبوں کی نمائندگی بھی موجود تھی۔ انہوں نے فورم کے کامیاب انعقاد پر فیلڈ مارشل اور وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور صوبے کے مفاد میں بہترین معاہدے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
گورنر نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 13 سالوں سے صوبے کے وسائل کو لوٹا جاتا رہا ہے اور مائنز اینڈ منرلز کے معاملے پر بعض عناصر بلاوجہ واویلا کر رہے ہیں، حالانکہ صوبے کے وسائل کہیں منتقل نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شکست کا تصور نہیں اور صوبے میں احتساب و جوابدہی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے گا۔
کوہاٹ واقعے کے حوالے سے گورنر نے بتایا کہ افسوسناک واقعے میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ ان کے مطابق غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے بعد فتنۃ الخوارج نے حملہ کیا، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ کارروائی کے دوران 18 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے، جس میں مختلف متعلقہ اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے۔ یہ فورس تین ہفتوں کے اندر مائننگ کے لیے مستقل نظام وضع کرے گی۔
گورنر کے مطابق کوہاٹ میں تقریباً 4 ارب 29 کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی مائننگ کی جا رہی تھی، جس سے حاصل ہونے والی آمدنی افغانستان منتقل کی جا رہی تھی اور مبینہ طور پر پاکستان مخالف سرگرمیوں اور دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہر ماہ 90 کلوگرام سونا غیر قانونی طور پر نکالا جا رہا تھا اور اس سرگرمی کے لیے ایک یوتھ کمیٹی بھی قائم تھی جو بھتہ وصول کرتی تھی۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید الزام عائد کیا کہ ماضی کی صوبائی حکومت اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ تھا، جبکہ غیر قانونی مائننگ کی پشت پناہی کرنے والوں میں 12 سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں، جن میں معزول وزیراعلیٰ کے بھائی نوید آفریدی کا نام بھی لیا گیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان 12 افراد میں سے کسی کا نام تاحال ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا گیا بلکہ ان کے نام رپورٹ میں درج ہیں، اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایف آئی آر درج کی جائیں گی۔ ان کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار سے تعلق رکھنے والے ایک دہشتگرد گروپ کے افراد بھی اس معاملے میں ملوث ہیں۔
گورنر نے بتایا کہ سونے کی کان کنی سے متعلق تمام لیزز معطل کی جا رہی ہیں اور آئندہ کسی کو بھی گولڈ مائننگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی مشینری ضبط کر لی جائے گی۔ انہوں نے غیر قانونی مائننگ اور اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے کردار کی تحقیقات کے لیے ہائیکورٹ کے سابق ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، تاہم غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہر شخص کا بلاامتیاز احتساب ہوگا۔ صوبے کے وسائل کو عوام کے خلاف استعمال کرنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔
.
.
گورنر خیبرپختونخوا نے موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کر دیا، ابتدائی طور پر پانچ لیبارٹریز کے ذریعے ادویات کا معیار جانچا جائے گا
پشاور، 14 نومبر 2026: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر مشیر صحت خیبرپختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر اور محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران گورنر کو موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کی کارکردگی اور طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ابتدائی طور پر پانچ موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے ذریعے کسی بھی مقام پر کسی بھی دوا کے معیار کی جانچ کی جا سکے گی، جس سے ادویات کے معیار کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے سخت قانون سازی کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت میں بہتری اور مؤثر اقدامات کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے، جبکہ حکومت کی ترجیح صحت کے نظام پر خصوصی توجہ دینا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔