اپرچترال کے مختلف علاقوں کےلئے گلاف الرٹ جاری، ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے زیر صدارت اجلاس
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے گلوف الرٹ جاری ہونے پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک اہم میٹنگ زیر صدارت حسیب الرحمن خان خلیل ڈپٹی کمشنر اپر چترال منعقد ہوا۔
اس میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ایچ آر اپر چترال ، اسسٹنٹ کمشنر مستوج، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ اپر چترال ، تحصیل میونسپل افسر مستوج/موڑکہو/تورکہو، چیرمین تحصیل کونسل مستوج اور دیگر عمائدین علاقہ موجود تھے۔
میٹنگ میں یہ طے پایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ایچ آر اپر چترال اور اسسٹنٹ کمشنر مستوج تحصیل میونسپل افسر مستوج، تحصیل میونسپل افسر موڑکہو/تورکہو اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے ہمراہ تریچ ذوندرانگرام اور مولگرام واشچ کا دورہ کریں گے اور گلیشیر کی capacity کومدنظر رکھتے ہوئے ذوندرانگرام تریچ اور مولگرام واشچ نالوں کے آس پاس رہائشیوں کو ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے کسی محفوظ مقام پر منتقل کریں گے اور اس سلسلے میں ویلج کونسل کے سیکریٹریز وقتاً فوقتاً نالوں کا جائزہ لیکر ضلعی انتظامیہ کو مطلع کریں گے تاکہ لوگوں کے قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔
بعد ازاں بونی میں گزشتہ ایک مہینے سے پینے کے صاف پانی کی معطلی کے بابت ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ سے میٹنگ کی گئی اور انہیں پانی کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اپرچترال کے مختلف علاقوں تریچ، کھوت، ریچ، تورکہو اور بندوگول میں گلاف الرٹ جاری کیا گیا ہے،، اسی طرح بونی، ریشن، گولین، بریپ ودیگرعلاقوں کے عوام کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام شہریوں، خصوصاً دریا کے کنارے آباد لوگوں کو ہدایت کی گئی ہےکہ آئندہ 7 دنوں تک انتہائی احتیاط برتیں۔ بچوں اور بزرگوں کو دریا کے قریب نہ جانے دیں۔ ممکن ہو تو 7 دنوں کے لیے محفوظ اور متبادل جگہ منتقل ہو جائیں۔
کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اپر چترال یا اپنے قریبی نمائندوں (وی سی چیئرمین تریچ بالا، تریچ پائیں) سے رابطہ کریں۔
دریں اثنا پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے ممکنہ گلوف الرٹ/ موں سون کی پیشنگوئیوں کی بدولت ذوندرانگرام تریچ, شاگرام، بوزند اور مولگرام واشچ میں لوگوں کو پیشگی اطلاع دینے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل کی ہدایات پر محمد انور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ایچ آر اپر چترال نے اسسٹنٹ کمشنر مستوج احسان افریدی، تحصیل میونسپل افسر موڑکہو/ تورکہو اور ریسکیو 1122 کے انچارج کے ہمراہ آج تورکہو ویلی کا دورہ کیا اور علاقے کے منتخب نمائندوں اور عمائدین سے ملاقات کی۔
انتظامی افسران نے گلیشیر پگھلنے کے ممکنہ خطرات کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پھیلادی اور نالوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے محفوظ رہنے کے لئے کسی دوسرے محفوظ جگہوں میں شفٹ ہونے کی ہدایت کی تاکہ ہنگامی صورت حال کے واقع ہونے کی صورت میں بھگ دوڑ اور casualties سے چھٹکارا مل سکے۔
اس موقع پر تحصیل چیرمین موڑکہو/تورکہو میر جمشید الدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انتظامی افسران نے ویلج کونسل سیکرٹریوں اور حلقہ پٹواریوں کو وقتاً فوقتاً برساتی نالوں کا جائزہ لیکر ڈی،سی کنٹرول میں اطلاع دینے کی ہدایت کی تاکہ بروقت اقدامات اٹھائی جاسکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ایچ آر اپر چترال نے لوگوں کو یقین دلایا کہ کسی بھی ناگہانی یا قدرتی آفات کی صورت میں ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے متاثرین کے لئے ٹینٹ اور ریلیف آئٹمز بروقت مہیا کئے جائیں گے۔


