گَرم چشمہ روڈ کی مرمت شروع کردی گئی ہے، 10 کلومیٹر پراسفالٹ بچھایا جائیگا، شہزادہ افتخارالدین
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے سابق رکنِ قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین نے کہا ہے کہ گَرم چشمہ روڈ پر این ایچ اے کے زیراہتمام 10 کلومیٹر حصے پر اسفالٹ بچھانے کا کام 29 اپریل 2026 سے شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کنٹریکٹر کی جانب سے شاشا کے مقام پر مشینری پہنچا دی گئی ہے، جہاں سے مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے، منصوبے کے تحت گَرم چشمہ روڈ کے اہم حصے کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو آمد و رفت میں سہولت میسر آ سکے۔
شہزادہ افتخارالدین کے مطابق ہزہائی نس پرنس رحیم الحسینی کے متوقع دورۂ چترال کے پیش نظر سڑکوں کی فوری مرمت اور بحالی ناگزیر ہے، اور کوشش کی جا رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ حصے کو ہموار کیا جائے تاکہ دیدار کے لیے آنے جانے والوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این ایچ اے چیو پل سے یونیورسٹی آف چترال تک گَرم چشمہ روڈ کے انتہائی خراب حصے کی مرمت بھی کرے گی، جس سے طلبہ اور عام شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔
ایک اخباری بیان میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ این ایچ اے نے چترال، گَرم چشمہ اور درہ پاس روڈ کے 85 کلومیٹر طویل منصوبے کے لیے نظرِ ثانی شدہ پی سی ون تیار کر لیا ہے، جس کی مجموعی لاگت 15 ارب روپے ہے۔

