The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 6 October 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

گرم چشمہ روڈ کی ناقابلِ سفر حالت، مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال

Chitral Times

گرم چشمہ روڈ کی ناقابلِ سفر حالت، مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال

گرم چشمہ روڈ کی ناقابلِ سفر حالت، مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال

گرم چشمہ روڈ کی ناقابلِ سفر حالت، مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال

.

گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹائمز) گرم چشمہ روڈ کی خستہ حالی اور مرمت میں مبینہ تاخیر کے خلاف ڈرائیور یونین گرم چشمہ کی کال پر وادی گرم چشمہ میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال شروع کر دی گئی ہے۔ ہڑتال کے باعث گرم چشمہ روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند جبکہ گرم چشمہ بازار میں تمام کاروباری مراکز بند رہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ریاست کی جانب سے گرم چشمہ روڈ کے 12 کلومیٹر حصے کو بلیک ٹاپ کرنے کے لیے منظوری اور فنڈز جاری کیے جانے کے باوجود گزشتہ چھ ماہ سے این ایچ اے حکام کی جانب سے عملی کام شروع نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث روڈ پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈرائیور یونین گرم چشمہ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آج وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا آغاز کیا گیا۔ ڈرائیور یونین کے منتظمین، علاقے کے عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد صبح سے گرم چشمہ اڈے پر دھرنا دیے بیٹھی ہے۔

دھرنے کے شرکاء نے اعلان کیا ہے کہ گرم چشمہ روڈ پر تارکول بچھانے کے عملی کام کے آغاز تک دھرنا اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے 12 کلومیٹر سڑک کو بلیک ٹاپ کرنے کے لیے جاری کیے گئے فنڈز کو استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔

دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ کام میں مزید تاخیر سے موسمِ سرما شروع ہونے کے بعد سڑک پر تارکول بچھانے کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے، جس سے سرکاری وسائل کے ضیاع کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موسمِ سرما کی شدت سے قبل منصوبے پر عملی کام شروع کیا جائے۔

مظاہرین کے مطابق حیرت کی بات ہے کہ احتجاج کے باوجود اب تک کسی ذمہ دار سرکاری یا متعلقہ ادارے کے نمائندے نے دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کرکے ان کے مطالبات سننے کی زحمت نہیں کی۔ پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کے باعث وادی میں معمولاتِ زندگی بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

دھرنے کے شرکاء اور علاقے کے عمائدین نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ حل نہیں ہوتا، احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو آئندہ چند روز کے اندر گرم چشمہ سے چترال شہر کی جانب مارچ شروع کیا جائے گا اور متعلقہ ریاستی اداروں کے دفاتر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

مظاہرین نے حکومت اور این ایچ اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گرم چشمہ روڈ کے 12 کلومیٹر حصے پر بلیک ٹاپنگ کا کام فوری طور پر شروع کرکے علاقے کے عوام کو درپیش سفری مشکلات کا خاتمہ کیا جائے۔

chitraltimes garamchashma protest against nha 2 chitraltimes garamchashma protest against nha 3 chitraltimes garamchashma protest against nha 4 chitraltimes garamchashma protest against nha 1