گرم چشمہ روڈ پر 12 کلومیٹر اسفالٹ بچھانے کا کام شروع، سلیم خان کا این ایچ اے اور وفاقی حکومت سے اظہارِ تشکر
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) سابق صوبائی وزیر سلیم خان نے کہا ہے کہ این ایچ اے نے اپنے وعدے کے مطابق گرم چشمہ روڈ پر 12 کلومیٹر حصے پر اسفالٹ بچھانے کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے نے حسبِ وعدہ 5 اکتوبر کو گرم چشمہ روڈ پر 12 کلومیٹر سڑک کی اسفالٹ بچھانے کے کام کا دوبارہ آغاز کیا، جس پر وہ اپنی طرف سے اور اہالیانِ گرم چشمہ کی جانب سے مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) رانجھا، جی ایم این ایچ اے سید نواز، ڈی ڈی عامر زیب، چیئرمین این ایچ اے اور وفاقی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے لٹکوہ کے عوام کو درپیش سفری مشکلات کا احساس کرتے ہوئے، ان کی بار بار درخواستوں اور ڈرائیور یونین گرم چشمہ کے احتجاج کے بعد سڑک پر کام دوبارہ شروع کیا ہے۔
سلیم خان نے گرم چشمہ کے عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے جائز حق کے حصول کے لیے بروقت اور مؤثر آواز اٹھائی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ این ایچ اے اپنے وعدے کے مطابق گرم چشمہ روڈ کے 12 کلومیٹر حصے کی بلیک ٹاپنگ کا کام رواں سال مکمل کرے گا، تاکہ علاقے کے عوام کو سفری مشکلات سے نجات مل سکے۔
سلیم خان نے کہا کہ گرم چشمہ روڈ پر کام کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے اور اس سلسلے میں این ایچ اے اور وفاقی حکومت کے تعاون پر وہ ایک بار پھر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
۔
دریں اثنا گرم چشمہ لٹکوہ روڈ کی تعمیر و اسفالٹ بچھانے کے کام کے حوالے سے گزشتہ دو روز سے جاری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈرائیور یونین گرم چشمہ کے صدر مہتاب الدین گرم چشمہ روڈ کی سائٹ پر پہنچے، جہاں انہوں نے جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر این ایچ اے کے ڈائریکٹر بھی سائٹ پر موجود تھے۔
این ایچ اے کے ڈائریکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ کل سے گرم چشمہ روڈ پر کام مکمل طور پر شروع کر دیا جائے گا۔ یقین دہانی کے بعد ڈرائیور یونین کے صدر مہتاب الدین نے گرم چشمہ میں گزشتہ دو روز سے جاری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ گرم چشمہ لٹکوہ روڈ پر کام کی سست رفتاری کے خلاف مقامی ڈرائیور یونین اور عوام کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا۔
اب اہالیانِ گرم چشمہ اور علاقے کے عوام کی نظریں اس بات پر ہیں کہ این ایچ اے کی یقین دہانی کے مطابق کل سے سڑک پر کام عملی طور پر کس رفتار سے شروع ہوتا ہے اور 12 کلومیٹر اسفالٹ بچھانے کا کام مقررہ مدت میں کس حد تک آگے بڑھتا ہے۔
