گرم چشمہ روڈ کی بلیک ٹاپنگ تین دن میں شروع نہ ہوئی تو پہیہ جام اور سڑک بلاک کرینگے۔ ڈرائیور یونین
.
گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹائمز) انجگان ڈرائیور یونین گرم چشمہ نے گرم چشمہ روڈ کی بلیک ٹاپنگ کا کام فوری طور پر شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تین روز کی مہلت دے دی ہے۔
ڈرائیور یونین کی جانب سے جاری اعلامیے میں ڈپٹی کمشنر چترال لوئر، اسسٹنٹ کمشنر چترال، ایس ایچ او گرم چشمہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈائریکٹر اور متعلقہ ٹھیکیدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گرم چشمہ روڈ کی بلیک ٹاپنگ کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر تین دن کے اندر سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا کام شروع نہ کیا گیا تو ڈرائیور یونین احتجاج، پہیہ جام ہڑتال اور سڑک بلاک کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
یونین کے مطابق سردیوں کا موسم شروع ہونے والا ہے اور موجودہ مہینے کے بعد سردی کی شدت کے باعث تارکول بچھانے کا کام ممکن نہیں رہے گا، اس لیے سڑک کی بلیک ٹاپنگ میں مزید تاخیر سے منصوبہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اعلامیے میں صدر انجگان ڈرائیور یونین گرم چشمہ مہتاب الدین اور جنرل سیکرٹری قاضی شجاع الدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرائیوروں اور عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر سڑک پر کام شروع کیا جائے۔
