آکاہ اور فوکس ہیومنیٹرین اسسٹنس پاکستان کے اشتراک سے میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے ”صنف اور معذوری کے حوالے سے حساس ڈیزاسٹر رپورٹنگ” کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ اور فوکس ہیومنیٹرین اسسٹنس پاکستان کے اشتراک سے چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے ”صنف اور معذوری کے حوالے سے حساس ڈیزاسٹر رپورٹنگ” کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ بدھ کے روز اختتام پذیر ہو گئی۔ اس تربیتی پروگرام میں ان ہاؤس سیشنز کے ساتھ ساتھ وادی بمبوریت کا فیلڈ دورہ بھی شامل تھا تاکہ شرکاء کو عملی طور پر حالات کا جائزہ لینے کا موقع مل سکے۔
ورکشاپ میں چترال پریس کلب، ریڈیو پاکستان، ہاٹ ایف ایم 97، سنو ریڈیو اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور میڈیا نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دو دنوں کے دوران شرکاء کو قدرتی آفات کے دوران میڈیا رپورٹنگ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بالخصوص خواتین اور معذور افراد کی ضروریات اور ان کی حساسیت کو مدنظر رکھنے پر زور دیا گیا۔تربیتی سیشنز کے دوران آفات کی رپورٹنگ میں میڈیا کے لئے اخلاقیات (Media Ethics)، شمولیت اور معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
اس بات پر خاص طور پر روشنی ڈالی گئی کہ کسی بھی آفت سے پہلے، آفت کے دوران اور آفت کے بعد میڈیا کا کیا کردار ہونا چاہیے اور کس طرح ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ، پاکستان کے ریجنل پروگرام مینیجر انجینئر الطاف حسین شاہ تھے۔ انہوں نے ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔اپنے خطاب میں انجینئر الطاف حسین شاہ نے کہا کہ میڈیا کے نمائندے آفات سے نمٹنے والے اداروں کے اہم ترین شراکت دار ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات میں صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت معلومات کی فراہمی اور عوامی شعور بیدار کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی انمول رہا ہے۔
اس دو روزہ ورکشاپ میں بطور ریسورس پرسنز جاوید احمد (مینیجر ایمرجنسی آپریشنز)، فدا حسن (مینیجر ٹریننگ)، مہر آفتاب (کوآرڈینیٹر کمیونیکیشنز) اور کرشمہ نے اپنے فرائض سرانجام دیے اور شرکاء کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور حساس موضوعات پر رپورٹنگ کے اہم گر سکھائے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ معلومات کو فیلڈ میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران بروئے کار لائیں گے۔اس موقع پر صدر،چترال پریس کلب، ظہیر الدین نے تربیتی پروگرام کو میڈیا پرسنز کے لئے نہایت کارآمد اور مفید قرار دیا اورآغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ اور فوکس ہیومنیٹرین اسسٹنس پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔











