چترال؛ شیخاندہ کالاش ویلی میں پہلی مرتبہ انڈیجینس ونٹر سپورٹس فیسٹول کا انعقاد، تیاریاں مکمل
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئر چترال کے برف پوش اور دلکش علاقے کالاش ویلی میں شاندار انڈيجینس ونٹر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جہاں ثقافت، جوش و خروش اور علاقائی ورثہ اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوگا۔ کھیلوں کے مقابلوں میں، ہیم غال، انتو دہک، روایتی کشتی اور بزکشی شامل ہیں۔ یہ سرمائی میلہ نہ صرف کھیلوں کا مظہر ہوگا بلکہ مقامی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کا اہم ذریعہ بھی بنے گا۔
ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کے زیراہتمام منعقد ہونے والا یہ دو روزہ فیسٹیول وادی کے خوبصورت مقام شیخاندہ، بمبوریت میں 15 اور 16 فروری 2026 کو دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ فیسٹول کیلئے تمام ترانتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔ فیسٹیول میں مقامی کھلاڑی اپنی روایتی مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ شائقین کھیلوں کو ایک منفرد ثقافتی تجربہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
منتظمین کے مطابق اس میلے کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے بلکہ علاقے کی قدیم روایات کو زندہ رکھنا اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ فیسٹیول میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی، جس سے علاقے کی معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس دو روزہ تقریب کے لیے اسٹیج، تماشائیوں کے بیٹھنے کے انتظامات اور سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور شرکت کر کے اس ثقافتی و کھیلوں کے میلے کو کامیاب بنائیں


