جلانے کی لکڑی ندارد، چترال انتظامیہ ہوش کے ناخن لے، عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہ کرے: مولانا عبدالشکور
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کے امیر اور سابق ڈسٹرکٹ نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے کہا ہے کہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) کی عوامی مسائل کے حل میں عدم دلچسپی نے لوگوں کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دروش میں شہریوں نے لکڑی کی فراہمی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف روڈ بلاک کرکے انتظامیہ کو سخت الٹی میٹم دیا ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔
مولانا عبدالشکور نے چترال ٹائمز سے گفتگو میں کہا کہ سردیوں کی آمد کے باوجود جلانے اور تعمیراتی دونوں قسم کی لکڑی مناسب نرخوں پر دستیاب نہیں، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بارشوں اور سخت موسم کے دوران لوگ ایندھن کے لیے ترس جائیں گے اور مجبور ہو کر سڑکوں پر نکلیں گے، جس کے نتیجے میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چترالی عوام پُرامن اور شریف ہیں، لیکن جب ان کی شرافت کا غلط فائدہ اٹھایا جائے اور انہیں ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جائے تو وہ احتجاج اور شدت اختیار کرنے پر بھی مجبور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر لکڑی کی فراہمی، نرخوں کے تعین اور متعلقہ شعبوں کی نگرانی کو یقینی بنائے تاکہ عوامی بےچینی میں اضافہ نہ ہو۔
مولانا عبدالشکور نے آخر میں کہا کہ اگر انتظامیہ نے حالات کی سنگینی کو نہ سمجھا تو یہ مسئلہ بڑے عوامی ردعمل میں تبدیل ہوسکتا ہے، اس لیے وقت رہتے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔