بے روزگار سند یافتہ نوجوانوں کو برسرِ روزگار کرنے کے لئے مالی گرانٹ اور پیڈ انٹرن شپ کا آغاز
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے کے غریب اور بے روزگار سند یافتہ نوجوانوں کی خود کفالت اور باعزت روزگار کے لئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس انقلابی اقدام کے تحت صوبائی حکومت نے خود روزگاری کے لیے مالی گرانٹ اور پیڈ انٹرن شپ کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد صوبے میں پائیدار معاش اور غربت میں کمی لانا ہے۔یہ پروگرام خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ اور کے پی ٹیوٹا کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔ پروگرام کے تحت حال ہی میں تکنیکی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل نوجوانوں بشمول خواتین سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
۔اہل امیدواروں کے لیے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں، جن میں خیبر پختونخوا کا ڈومیسائل، سال 2023 یا بعد کی سند، بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہونا، اور عمر کی حد 18 سے 29 سال شامل ہیں۔ منتخب ہونے والے امیدواروں کو وظیفہ دیا جائے گا جبکہ خواتین کے لئے 50 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔درخواستیں 20 اگست 2025 تک retp.kptevta.gov.pk کی ویب سائٹ پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ درخواستیں ”پہلے آئیں، پہلے پائیں ” کی بنیاد پر قبول کی جائیں گی۔
