عمائدینِ لاسپور کی پریس کانفرنس، فائبر آپٹک، ٹیلی نار ٹاور اور بجلی کی فراہمی سمیت شندور روڈ سے متاثرین کو معاوضہ دینے پر زور
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وادی لاسپور کے عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاسپور میں فائبر آپٹک سروس فوری طور پر فعال کیا جائے، ہرچین لشٹ میں ٹیلی نار کا نیا ٹاور نصب کرنے کے ساتھ وادی کو پیسکو گرڈ سے منسلک کیا جائے، جبکہ شندور روڈ کی تعمیر کے دوران متاثر ہونے والی زرعی زمینوں، فصلوں، پھلدار درختوں اور آبپاشی کے نالوں کا ازسرِنو تخمینہ لگا کر متاثرین کو فوری معاوضہ فراہم کیا جائے۔ عمائدین نے وادی میں نیشنل بینک کی برانچ کے قیام کے عمل کو بھی تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق وی سی ناظم آنریری لیفٹیننٹ شیر اعظم خان، صوبیدار میجر قلندر شاہ، میر باچا خان زار قوبت اور زار احمد خان نے دیگر شخصیات کے ہمراہ چترال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہالیان لاسپور کے مشترکہ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد پیش کی۔ اجلاس حال ہی میں سردار احمد خان یفتالی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا، جس میں وادی لاسپور کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اہالیان لاسپور ایم این اے محترمہ غزالہ انجم کے مشکور ہیں، جنہوں نے لاسپور میں موبائل نیٹ ورک کے مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے فوکل پرسن و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) چترال لوئر محمد کوثر ایڈووکیٹ، تحصیل صدر خواجہ امتیاز حسین، جنرل سیکرٹری اپر چترال پرنس سلطان الملک، انفارمیشن سیکرٹری اپر ذاکر زخمی، صدر لیبر ونگ اپر چترال فضل الرحمن اور فاروق ولی پر مشتمل ٹیم کو حقائق جانچنے کیلئے لاسپور بھیجا۔
ان کے مطابق مذکورہ ٹیم کی آمد اور کوششوں کے نتیجے میں موبائل نیٹ ورک کا مسئلہ کسی حد تک حل ہوچکا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ انتخابات میں ووٹ نہ ملنے کے باوجود ایم این اے غزالہ انجم کی جانب سے چترال کی ترقی، لواری اپروچ روڈ، شندور روڈ، کیلاش وادیوں کی سڑکوں اور ماڈل اسکول کی تعمیر کیلئے کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ ایم این اے غزالہ انجم کو مزید بااختیار بنایا جائے اور خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ چترال کے دورافتادہ علاقوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوسکیں۔پریس کانفرنس میں اہالیان لاسپور کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ وادی لاسپور کیلئے فائبر آپٹک سروس فوری طور پر فعال کی جائے اور ہرچین لشٹ میں ٹیلی نار کا نیا ٹاور نصب کیا جائے۔
اس کے علاوہ لاسپور کو پیسکو گرڈ سے منسلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کی تعلیم اور مقامی کاروبار کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔رہنماؤں نے وادی لاسپور میں نیشنل بینک کی برانچ کے قیام کے عمل کو بھی تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ شندور روڈ کی تعمیر کے دوران شاہی داس سے سور لاسپور شپیر ماڑی تک عوام کی زیرِ کاشت زمینوں، فصلوں، پھلدار درختوں اور آبپاشی کے نالوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان نقصانات کا ازسرِ نو تخمینہ لگانے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے اور متاثرین کو فوری طور پر مالی معاوضہ فراہم کیا جائے۔آخر میں رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی چترال کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت وادی لاسپور کے مسائل کے حل کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
