وفاقی آئینی عدالت کا 15 سال سے کم سروس والے نجی ملازمین کو بھی ای او بی آئی پنشن ادا کرنے کا حکم
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کو نجی ملازمین کی پنشن ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلے میں قرار دیا کہ پندرہ سال سے کم مگر ساڑھے چودہ سال سروس مکمل کرنے والے ملازمین پنشن کے حقدار ہیں۔ وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی جانب سے دائر تمام اپیلیں خارج کر دیں جبکہ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 کے فیصلے بھی برقرار رکھے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ سروس کے چھ ماہ یا زائد عرصے کو پورا ایک سال تصور کیا جائے گا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے درست ہیں، مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں۔آئینی عدالت نے کہا کہ ای او بی آئی کی 2022 کا سرکلر پنشن کے حق کو متاثر نہیں کر سکتا، فلاحی قانون کی سخت تشریح سے پنشن سے محروم کرنا ناانصافی ہے، ساڑھے چودہ سال سے زائد سروس مکمل کرنے والے پندرہ سال مکمل تصور ہوں گے، پنشن کے معاملے میں راؤنڈنگ آف کا اصول لاگو ہوگا۔
.
.
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، انسانی سمگلنگ اور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم، ایئرپورٹس پر سکریننگ سخت کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر اور پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستان کے نام پر حرف آنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور کراچی و لاہور کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی جاری رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسانی سمگلرز ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، جنہیں قانون کے شکنجے میں لانا ناگزیر ہے۔اجلاس میں بیرون ملک جانے والے پیشہ ور بھکاریوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو امیگریشن قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایئرپورٹس پر سفری دستاویزات کی سخت سکریننگ کی جائے اور چیکنگ کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنایا جائے۔وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امیگریشن کے نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا مکمل سدباب ہو سکے۔
