سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل چترال کا ٹاؤن ہال اور دفاتر ٹی ایم اے چترال کے حوالے کردیئے گئے
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل چترال کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کے قانونی جانشین تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) چترال کو سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کا ٹاؤن ہال اور دفاتر باقاعدہ طور پر حوالے کر دیے گئے ہیں، جسے اثاثہ جات کی منتقلی کے عمل میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنما اصولوں کے تحت سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل چترال کے تمام منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کا قانونی جانشین ٹی ایم اے چترال ہے۔ تاہم اثاثہ جات کی منتقلی اور تقسیم، بالخصوص سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کے دفتر اور ٹاؤن ہال کی حوالگی کا معاملہ طویل عرصے سے زیرِ التوا تھا۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی ہدایات پر آج سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کا ٹاؤن ہال اور دفاتر باقاعدہ طور پر ٹی ایم اے چترال کے حوالے کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں ادارے کو اپنے قانونی اثاثوں کا انتظامی کنٹرول حاصل ہوگیا ہے۔
ٹی ایم اے چترال کی جانب سے اس پیش رفت پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر لوئر چترال کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ ادارے کے مطابق ان افسران کی خصوصی دلچسپی اور تعاون کے باعث طویل عرصے سے زیرِ التوا معاملہ حل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
