بجلی کے پروٹیکٹڈ صارفین کی حد 200 سے بڑھا کر 300 یونٹ کرنے پر غور
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف نے پروٹیکٹڈ صارفین کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لے لیا، اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی جائے گی جو پروٹیکٹڈ صارفین کی حد 301 یونٹ کرنے پر غور کرے گی۔ذرائع کے مطابق 201 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین 6 ماہ تک پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکل جاتے ہیں، صارفین کو پروٹیکٹڈ کیٹگری سے نکلنے کے بعد 6 ماہ تک تقریبا 5 ہزار روپے ماہانہ اضافی بل دینا پڑتا ہے، کمیٹی پروٹیکٹڈ کیٹگری کو 200 یونٹس تک محدود رکھنے یا 300 یونٹس تک ریلیف دینے پر رپورٹ تیار کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پروٹیکٹڈ کیٹگری 201 یونٹس کی بجائے 301 یونٹس تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے، وزیراعظم شہباز شریف کو صارفین بجلی سے ہونے والی زیادتی سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اراکین اسمبلی کا بھی مؤقف ہے کہ یہ صارفین سے زیادتی ہے کہ 200 سے زائد صرف ایک یونٹ پر اگلے چھ ماہ تک اضافی 5 ہزار روپے بل ادا کریں، پروٹیکٹڈ سلیب کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ کمیٹی سارے معاملے کا جائزہ لے کر کابینہ میں تجاویز پیش کرے گی، کمیٹی کی تجاویز پر 200 یونٹس والا معاملہ حل ہو سکے گا، 200 یونٹ استعمال کم آمدنی والا ہی کرتا ہے، موجودہ حکومت غریب آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 301 یونٹس استعمال پر نان پروٹیکٹڈ شرح لاگو ہونے کا امکان ہے، یہ تجویز بھی ہے کہ 201 یونٹ صرف اسی ماہ لاگو ہوں۔وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا کہ 201 والی سلیب نیپرا اور وزارت پاور نے جان بوجھ کر لاگو کروائی تھی۔
پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں 3 عہدے خالی
اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قومی اسمبلی میں 3 عہدے خالی ہوگئے۔ عمر ایوب اپوزیشن لیڈر، زرتاج گل پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے اسمبلی قوائد کے مطابق ممبران کی نااہلیت سے ایوان کو آگاہ کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کیلئے اپوزیشن اور اسپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع ہوگا جس کے بعد اسپیکر نئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔پی ٹی آئی کے آزاد اراکین کو پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کیلئے دوبارہ نام دینا ہوں گے۔علاوہ ازیں عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے نااہل 7 ممبران سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ بھی واپس لے لی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے 7 ارکین اسمبلی سے 15قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت واپس لے لی گئی ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں عمر ایوب کو سزا سنائی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز سمیت 9 اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
