چترال کے طول وعرض میں عید الفطر جوش وخروش اور عقیدت و اخترام سے منائی گئی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، جہاں 500 سے زائد مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ضلع لوئر چترال کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی شاہی مسجد میں ہوا، جبکہ اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں جنالی مسجد میں ادا کی گئی۔اسی طرح لوئیر چترال میں دروش ، آیون، گرم چشمہ اور اپرچترال میں موڑکہو ، مستوج ، شاگرام ، کھوت ودیگر مقامات میں بھی بڑے اجتماعات ہوئے۔
چترال میں موسم انتہائی خوشگوار رہا، جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی خوشیوں کا بھرپور لطف اٹھایا۔ عید کے پہلے روز لوگوں نے ایک دوسرے کے گھروں میں جا کر مبارکباد دی اور مقامی پکوانوں سے تواضع کی۔
اس سال وادی لوٹ کوہ اور بیار میں عید الفطر کے ساتھ ساتھ بہار کا روایتی تہوار نوروز بھی منایا گیا۔ ان وادیوں میں دونوں تہواروں کی خوشیاں بیک وقت منانے سے جشن کا سماں دوبالا ہو گیا۔
مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے عید کے خطبات میں امن اور بھائی چارے کی تلقین کی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد کے باہر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

